ایمز ٹی وی(اسپورٹس) میلبرن ٹیسٹ میں شکست کے بعد ریٹائرمنٹ کا عندیہ دینے والے قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کرکٹ سے کنارہ کشی کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے ریٹائرمنٹ کی بات غصے اور مایوسی میں کہہ دی تھی۔
یاد رہے کہ میلبرن میں اننگز اور 18 رنز کی حیران کن شکست پر مایوس مصباح الحق نے فوری ریٹائرمنٹ کا عندیہ دیا تھا اور کہا تھا کہ وہ حتمی فیصلہ آئندہ دو سے تین دن میں کریں گے۔
اس بیان کے بعد مصباح الحق کی سڈنی میں ہونے والے تیسرے ٹیسٹ میچ میں شرکت بھی مشکوک نظر آتی تھی لیکن گزشتہ روز انہوں نے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ موخر کرتے ہوئے تیسرا ٹیسٹ کھیلنے کی تصدیق کی تھی۔
ذرائع کے مطابق مصباح ٹیم کی وطن واپسی پر پی سی بی چیئرمین شہریار خان سے ملاقات کریں گے اور اس کے بعد ہی اپنے مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔
لیکن سڈنی سے ایک دن قبل پیر کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے ریٹائرمنٹ کی باتوں کی یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے یہ بیان غصے اور مایوسی میں دے دیا تھا۔