ایمزٹی وی(اسپورٹس)ہانگ کانگ میں جاری 18 ویں ایشین جونیئر اسکواش چیمپئن شپ میں پاکستان نے ایران کو شکست دیتے ہوئے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ پہلے سنگلز مقابلے میں مہران جاوید نے ایران کے علی رضا شمیلی کے خلاف 3-1 سے کامیابی حاصل کی، اسکور 15-13، 6-11 اور 11-3، 11-5 رہا۔ دوسرے مقابلے میں عباس زیب نے مجتبیٰ کفیلی کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 3-0 سے زیر کیا۔
تیسرے اور آخری سنگلز میچ میں منصور زمان جونیئر نے محمد رضا جعفر زادہ کو 11-9، 11-8، 8-11 اور 11-4 سے مات دیتے ہوئے پاکستان کو سیمی فائنل میں رسائی دلا دی۔ کل دوسرے مرحلے میں پاکستان کا مقابلہ ملائیشیا سے شیڈول ہے۔
پوائنٹس ٹیبل میں گروپ اے میں بھارت کی ٹیم 529 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست جبکہ پاکستان 521 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے، گرین شرٹس کو سیمی فائنل تک رسائی کیلئے ایران پر لازمی فتح درکار تھی۔ گروپ بی میں ملائیشیا اور ہانگ کانگ کی ٹیمیں ٹاپ 2 میں شامل ہیں۔
اس سے قبل پاکستان کی ٹیم جاپان، مکاؤ اور کوریا کو شکست دے چکی ہے جبکہ بھارت کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ پاکستان کی ٹیم ایونٹ میں فورتھ سیڈ ہے، اسکواڈ میں عباس زیب، عبدل ملک، مہران جاوید اور منصور زمان جونیئر شامل ہیں۔