ایمزٹی وی(اسپورٹس) پاکستان سپر لیگ کے بارہویں میچ میں اسلام آباد یونائٹیڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پشاور زلمی کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی۔ شارجہ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز بنائے جس کے جواب میں اسلام یونائٹیڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ہدف میچ کی آخری گیند پر حاصل کیا۔
مصباح الیون کی جانب سے ڈیوان اسمتھ اور رفعت اللہ مہمند نے اننگز کا آغاز کیا لیکن رفعت 11 رنز پر آؤٹ ہوئے تو ہیڈن بھی 2 رنز ہی بناسکے اور سیم بلنگز بھی 11 رنز پر واپس پویلین لوٹ گئے۔ کپتان مصباح الحق 5 اور شین واٹسن 30 رنز بنا کر آخری اوور کی پانچویں گیند پر 2 رنز لیتے ہوئے رن آؤٹ ہوئے۔ پشاور زلمی کی جانب سے حسن علی، جنید خان، شکیب الحسن اور وہاب ریاض نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل اسلام آباد یونائٹیڈ کے کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے ڈیرن سیمی الیون کو بیٹنگ کی دعوت دی تو پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز بنائے۔ پشاور زلمی کے اوپنر کامران اکمل اور تمیم اقبال نے اننگز کا آغاز کیا تو اوپنر تمیم 4 رنز بنانے کے بعد 17 کے مجموعی اسکور پررومان رئیس کا شکار بن گئے۔ دوسرے آنے والے بلے باز محمد حفیظ تھے جو 10 رنز ہی بنا سکے اور یوں پشاور زلمی کی وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔ کامران اکمل 19، این مورگن 28، صہیب مقصود صفر، شکیب الحسن 5 اور کپتان ڈیرن سیمی 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
شاہد آفریدی 17 اور وہاب ریاض 23 رنز بنا سکے۔ اسلام آباد یونائٹیڈ کی جانب سے محمد سمیع نے 3، رومان رئیس اور شاداب خان نے 2،2 جب کہ محمد عرفان اور عماد بٹ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔