ایمزٹی وی(اسپورٹس)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا اہم ترین میچ آج کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کھیلا جائے گا جس کا نتیجہ کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کی ایونٹ میں مزید پیش قدمی کا فیصلہ کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے دبئی میں کھیلے جانے والے ایونٹ انتہائی دلچسپ صورتحال اختیار کر گیا ہے کیونکہ کراچی کنگز ہار یا جیت دونوں صورت میں ہی ایونٹ میں آگے جا سکتی ہے لیکن بری طرح ہارنے کے باعث لاہور قلندرز کی ٹیم پلے آف کیلئے کوالیفائی کر سکتی ہے۔ ایونٹ میں پشاور زلمی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں پہلے ہی پلے آف راﺅنڈ کیلئے کوالیفائی کر چکی ہیں جبکہ کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کی ٹیموں نے 3,3 میچ جیت رکھے ہیں۔
گزشتہ روز سنسنی خیز مقابلے کے بعد لاہور قلندرز کو چت کرنے والی کراچی کنگز کی ٹیم کی اوسط بھی بہتر ہوئی جس کے باعث پوائنٹس ٹیبل پر وہ لاہور قلندرز سے آگے نکل چکی ہے تاہم اس کے باوجود بھی پلے آف کیلئے کوالیفائی نہیں کر پائی۔
کراچی کنگز کی ٹیم اگر آج اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف میچ میں فتح سے ہمکنار ہوتی ہے تو یقینی طور پر اگلے راو¿نڈ میں پہنچ جائے گی البتہ اگر اسلام آباد کی ٹیم میچ میں 150 رنز بنا کر میچ میں 15 رنز سے فتح حاصل کرتی ہے تو کراچی کی ٹیم ایونٹ سے باہر ہو جائے گی جبکہ 150 رنز کے ہدف کا حصول 18.2 اوورز میں ہوا تو بھی لاہور قلندرز آگے چلی جائے گی۔