ایمزٹی وی(اسلام آباد) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں ملوث تمام کھلاڑیوں کے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ اسلام آباد میں چوہدری نثار علی خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس ہوا جس میں سیکریٹری داخلہ،نادرا،پی ٹی اے،ایف آئی اے اور وزارت داخلہ کے دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے شرکا کو اسپاٹ فکسنگ کیس میں ہونے والی پیش رفت سے متعلق بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ خالد لطیف اور محمد عرفان نے ایف آئی اے کو اپنے بیانات رکارڈ کرا دیے ہیں جب کہ دیگر کھلاڑیوں کے بیانات بھی آئندہ دو روز میں ریکارڈ کرلیے جائیں گے۔
اجلاس کے دوران وزیر داخلہ چوہدری نثار نے اسپاٹ فکسنگ میں ملوث تمام کھلاڑیوں کے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی منظوری دے دی۔ اجلاس میں وزیر داخلہ نے پی ٹی اے حکام کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ میں جوا لگانے اور اس کو فروغ دینے والی تمام ویب سائٹس کو بھی بند کرنے کے حوالے سے اقدامات کیے جائیں۔
اس موقع پر وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اسپاٹ فکسنگ معاملے کی ہر پہلو سے شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں، کسی بھی ملوث شخص کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہ برتی جائے، پاکستان کا نام بد نام کرنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ کیس کو منطقی انجام تک پہنچایا جاسکے اور معاملے کی تفتیش میں عدم برداشت کی پالیسی اختیار کی جائے۔
واضح رہے کہ پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ شرجیل خان، خالد لطیف، محمد عرفان اور شاہ زیب حسن کو چارج شیٹ جاری کر چکا ہے جب کہ شرجیل خان اور خالد لطیف اپنے اوپر لگنے والے الزامات کا انکار کر چکے ہیں۔