ایمز ٹی وی(اسپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہارون رشید کو ڈائریکٹر کرکٹ مقرر کرنے کا اصولی فیصلہ کرلیا ہے جس کا باضابطہ اعلان جلد کیا جا ئے۔
پی سی بی چیئرمین شہریار خان ، چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد اور ڈائر یکٹر ایچ آر بریگیڈیئر (ر) ساجد حمید نے انٹرویو کے بعد ہارون رشید کی تقرری کی منظوری دے دی ہے۔
ایک سال پاکستان کرکٹ ہیڈ کوارٹر سے دور رہنے کے بعد سابق ٹیسٹ کرکٹر اور سابق چیئرمین سلیکشن کمیٹی ہارون رشید کی نئی اننگز کی تیاریاں مکمل ہیں۔
انگلش کرکٹ بورڈ کی طرز پر پاکستان کرکٹ بورڈ یہ نیا عہدہ متعارف کرارہا ہے جس کے لئے ہارون رشید اور ایک اور سابق ٹیسٹ کرکٹر اقبال قاسم کے درمیان مقابلہ ہے۔
ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ اقبال قاسم کو کراچی کی ہائی پرفارمنس اکیڈمی میں نگراں مقرر کیا جاسکتا ہے لیکن اس کے لئے انہیں نئے سرے سے درخواست دینا ہوگی۔ اس پوسٹ کے لئے اشتہار دیا جائے گا اور نئے سرے سے یہ پراسس مکمل ہوگا۔
ہارون رشید کو گزشتہ سال آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 کی خراب کارکردگی کے بعد پوری سلیکشن کمیٹی کے ساتھ ملازمت سے فارغ کردیا گیا تھا۔ لیکن جب ڈائر یکٹر کرکٹ کا عہدہ مشتہر کیا گیا تو انہوں نے دوبارہ درخواست دے دی۔
ہارون رشید پاکستان کرکٹ بورڈ میں ڈائریکٹر گیم ڈیولپمنٹ کے عہدے پر بھی رہ چکے ہیں۔