اتوار, 24 نومبر 2024


یونس خان کے نام ایک اور زبردست اعزاز

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)مرد بحران، یونس خان نے یوں تو اپنے کیرئیر میں کئی اہم ریکارڈ اپنے نام کئے ہیں اور ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنے کیرئیر کی آخری ٹیسٹ سیریز میں 10 ہزار رنز مکمل کرنے والے پہلے پاکستانی کرکٹر ہونے کا اعزاز بھی حاصل کر لیا ہے لیکن اب ان کیلئے ایک اور شاندار اعلان کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یونس خان کو گزشتہ سال انگلینڈ کے خلاف کھیلی گئی ٹیسٹ سیریز میں شاندار کارکردگی دکھانے پر وزڈن کرکٹرز آف دی ائیر کے کیلنڈر کے 2017ءایڈیشن میں شامل کر لیا گیا ہے اور انہیں اس کیلنڈر کا ایک خاص لیدرباﺅنڈ ایڈیشن دینے کا اعلان بھی کر دیا گیا ہے جو 18 مئی بروز جمعرات لارڈز کے تاریخی میدان میں ان کے حوالے کر کے کرکٹ کیلئے ان کی انتھک خدمات کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔
وزڈن کرکٹرز آف دی ائیرز ایوارڈ 1889 میں شروع ہوا تھا اور اس طرح یہ کسی بھی طرح کے کھیل میں اپنی نوعیت کا واحد انفرادی ایوارڈ ہے۔ ہر سال وزڈن کرکٹرز کے کیلنڈر میں 5 ایسے کھلاڑیوں کو شامل کیا جاتا ہے جو انگلش سمر سیزن کے دوران دنیائے کرکٹ میں ان مٹ نقوش چھوڑ جاتے ہیں ۔
گزشتہ مہینے شائع ہونے والے اس کیلنڈر کے 2017ءکے ایڈیشن میں یونس خان کو بھی شامل کیا گیا ہے جنہوں نے انگلینڈ کے خلاف اوول میں کھیلے گئے چوتھے اور آخری ٹیسٹ میچ میں 218 رنز کی ناقابل فراموش اننگز کھیلی تھی اور اس وجہ سے پاکستان نے 4 میچوں کی سیریز 2-2 سے برابر کر دی تھی اور اس کے کچھ ہی دنوں بعد ٹیسٹ رینکنگ میں پہلی پوزیشن بھی حاصل کی تھی۔
 
ذرائع کے مطابق یونس خان کو اس سال شائع ہونے والے کیلنڈر کا ایک خاص لیدرباﺅنڈ ایڈیشن دیا جائے گا۔ وزڈن کرکٹرز آف دی ائیرز کے خاص قسم کے لیدرباﺅنڈ ایڈیشن کے ہر سال صرف 150 کیلنڈر بنائے جاتے ہیں تاہم یونس خان واحد کرکٹر ہوں گے جن کا نام انہیں دئیے جانے والے خاص کیلنڈر پر لکھا جائے گا۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment