ایمزٹی وی(اسپورٹس)سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر نے کہا ہے کہ قومی کرکٹرز کی صلاحیتوں کو زنگ لگنے کیلیے چھوڑ دیا گیا جبکہ رواں ماہ شیڈول دورئہ بنگلادیش منسوخ ہوچکا۔ عبدالقادر کا کہنا ہے کہ ڈومیسٹک ون ڈے ٹورنامنٹ اس وقفے میں رکھا جاتا تو قومی کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو زنگ نہ لگتا، نیا ٹیلنٹ تلاش کرنے اور نکھارنے کے مقاصد حاصل بھی حاصل کیے جاسکتے تھے
انھوں نے کہا کہ میں پورے یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ چیمپئنز ٹرافی کی فتح میں رمضان المبارک کی برکتوں اور عوام کی دعائوں کا بڑا ہاتھ تھا لیکن کارکردگی میں تسلسل لانے کیلیے اب بھی بڑی محنت کی ضرورت ہوگی، بلند حوصلہ کرکٹرز کو انٹرنیشنل میچز ملتے تو اچھی بات تھی لیکن فی الحال مناسب یہی ہے کہ قومی اسکواڈ کے ساتھ دیگر باصلاحیت کھلاڑیوں کا پول منتخب کرکے ٹریننگ و پریکٹس میچز کا اہتمام کیا جائے،جس پلیئر میں زیادہ ٹیلنٹ نظر آئے اسے انٹرنیشنل معیار پر لانے پر خاص توجہ دی جائے۔ واضح رہے کہ پاکستان کی چیمپئنز ٹرافی فتح کو ایک ماہ سے زیادہ عرصہ گزر گیا
کرکٹرز پر انعام واکرام کی بارش ہورہی ہے،آج ایک شہر تو کل دوسری جگہ ان کے اعزاز میں تقریب سجائی جاتی ہے،سابق کرکٹرز کی بڑی تعداد اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی کا اسٹاف اس بات پر متفق ہیں کہ ایک میگا ایونٹ کی جیت سے پاکستان کرکٹ کے سارے مسائل ختم نہیں ہوگئے،کارکردگی میں تسلسل لانے کیلیے مسلسل محنت کی ضرورت ہے لیکن بدقسمتی سے ’’بگ تھری‘‘ ختم ہونے کے باوجود پاکستانی کرکٹرز کو زیادہ انٹرنیشنل میچز میسر نہیں آ رہے۔