ایمزٹی وی(اسپورٹس)سری لنکا سے ٹیسٹ سیریز میں پاکستان باہمی رفاقت میں 10ہزار سے زائد رنز بنانے والی جوڑی سے محروم ہوگا۔
مصباح الحق اور یونس خان کے رخصت ہونے کے بعد پاکستان ٹیم اور کپتان سرفراز احمد کی پہلی آزمائش بدھ کو شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ میں ہوگی، طویل عرصے تک پاکستانی بیٹنگ لائن میں ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کرنے والے دونوں سینئرز نے ایک ساتھ 67 ٹیسٹ میچز کھیلے، ان میں سے پاکستان نے 25 جیتے،اتنے ہی ہارے، 17 ڈرا ہوئے، اس دوران دونوں نے مجموعی طور پر 10889 رنز اسکور کیے، جس میں32 سنچریاں اور 53 ففٹیز شامل ہیں، یونس خان پاکستان کی طرف سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین اور مصباح الحق کامیاب ترین کپتان ہیں۔
سابق ہیڈ کوچ وقاریونس نے اس حوالے سے بی بی سی کے ساتھ بات چیت میں کہاکہ یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ مصباح الحق اور یونس خان کی صورت میں 2 ورلڈ کلاس بیٹسمین ایک ہی دور کا حصہ تھے،انھوں نے طویل عرصے پاکستانی کرکٹ کی خدمت کی لیکن ظاہر ہے کہ ہر کسی کو اپنی کرکٹ ایک دن ختم کرنا ہوتی ہے، ان دونوں کے جانے کے بعد دوسرے کھلاڑیوں کیلیے موقع ہے کہ وہ عمدہ پرفارمنس سے ان دونوں بڑے کھلاڑیوں کی جگہ پُر کریں۔
کپتان سرفراز احمد نے کہاکہ مصباح الحق اور یونس خان ورلڈ کلاس کرکٹرز رہے،ان کا خلا ْپر کرنے میں وقت لگے گا لیکن چند کھلاڑی ایسے ضرور موجود ہیں جو ان کی جگہ لے سکتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ مصباح پاکستان کے سب سے کامیاب کپتان تھے، میری کوشش بھی یہی ہوگی کہ جس طرح انھوں نے فتوحات حاصل کیں اور سب کھلاڑیوں کو ساتھ لے کر چلے میں بھی اسی طرح یہ ذمہ داری نبھاؤں۔