ایمزٹی وی(اسپورٹس) آئی سی سی ویمنز ون ڈے رینکنگ میں پاکستان ایک پوائنٹ کے اضافے سے بدستور ساتویں نمبر پر موجود ہے جبکہ بولنگ میں ثنا میر ٹاپ 10 میں شامل ہوگئیں۔
آئی سی سی ویمنز ون ڈے رینکنگ بولنگ میں قومی آل راؤنڈر اور سابق کپتان ثنا میر سیریز میں 7 وکٹیں حاصل کرتے ہوئے 8 درجے کے بڑی چھلانگ کے ساتھ 7 ویں پوزیشن پر آگئیں، ان کے سواکوئی اور پاکستانی بولر ٹاپ 10 میں شامل نہیں، سعدیہ یوسف 8 درجے بہتری سے17 ویں درجے پر آگئیں۔ ماریزانے کیپ بدستور ٹاپ پر موجود ہیں، جھولان گوسوامی، اسیٹفنی ٹیلر، میگن شیٹ، جیس جوناسن، آنیا شربسول، ثنا میر، ایابونگا کھاکا، ڈی وین نیکرک اور شبنم اسماعیل بالترتیب نمایاں پوزیشنز پر موجود ہیں جب کہ آل راؤنڈرز میں الیسی پیری پہلے نمبر پر ہیں۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین 3 میچوں کی ون ڈے سیریز کے بعد نئی ون ڈے رینکنگ جاری کی گئی ہے، آسٹریلوی ٹیم 129 پوائنٹس کیساتھ بدستور سرفہرست ہے، انگلینڈ 127 پوائنٹس دوسرے نمبر پر موجود ہے، پاکستان کے ہاتھوں تیسرے ون ڈے میں شکست پر نیوزی لینڈ کے 2 پوائنٹس کی کمی سے 116 پوائنٹس ہو گئے، بھارتی ٹیم کے بھی اتنے ہی پوائنٹس ہیں تاہم اعشاریائی فرق سے نیوزی لینڈ تیسرے اور بھارت چوتھے نمبر پر ہے، ویسٹ انڈیز 103پوائنٹس کیساتھ پانچویں، جنوبی افریقہ 93 پوائنٹس چھٹے جبکہ پاکستان ایک پوائنٹ کے اضافے سے 73 پوائنٹس کیساتھ بدستور ساتویں نمبر پر موجود ہے۔
سری لنکا 66، بنگلادیش 37 اور آئر لینڈ 30 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب 8، 9اور 10 ویں نمبر پر موجود ہیں۔ بیٹنگ کے ٹاپ 10 میں کوئی پاکستانی پلیئر شامل نہیں، قومی کپتان بسمہ معروف 11 درجے پھلانگ کر 21 ویں جبکہ جویریہ ودود اتنے ہی پوائنٹس کے ساتھ 22 ویں نمبر پر موجود ہیں، ناہیدہ بی بی 15درجے بہتری سے33 ویں پوزیشن پر آگئی ہیں۔ متھالی راج بدستور سرفہرست ہیں، الیسی پیری، میگ لیننگ، اسیٹرتھ وائٹ، ہرمنپریت کور، الیکشن بلیک ویل ، سوزی بیٹس، لیزلی لی، نتالیا اسکیور اور سارہ ٹیلر بالترتیب نمایاں پوزیشنیں سنبھالے ہوئے ہیں۔