ھفتہ, 23 نومبر 2024


انٹرنیشنل ہاکی فیسٹیول میں پاکستان کی شکست کا سلسلہ جاری

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)میلبورن میں جاری 4 ملکی انٹرنیشنل ہاکی فیسٹیول میں پاکستان کی شکستوں کا سفر طویل ہوگیا، نیوزی لینڈ نے بھی گرین شرٹس کے خلاف 3-2 سے ہاتھ صاف کیا۔ یاد رہے کہ یہ گرین شرٹس کی ایونٹ میں متواتر تیسری شکست ہے، اس سے قبل پاکستان کو پہلے میچ میں آسٹریلیا کے ہاتھوں 9-2 گولز سے ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ جاپان نے ایک کے مقابلے میں 3 گول سے فتح سمیٹی تھی۔
گزشتہ روز میلبورن اسٹیٹ نیٹ بال ہاکی سینٹر میں کھیلے گئے آخری میچ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان زبردست مقابلہ دیکھنے میں آیا تاہم قسمت نے گرین شرٹس کا ساتھ نہ دیا، مقابلے کے دوران دو بار برتری خسارے میں جانے کے باوجود بلیک کیپس نے گرین شرٹس کیخلاف 3-2 گولز سے کامیابی حاصل کی، اس فتح کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ نے فائنل کیلیے بھی کوالیفائی کرلیا، میچ کے چھٹے منٹ میں پاکستان نے عمدہ موو بنائی اور عمر بھٹہ کے ذریعے ابتدائی گول کرنے میں کامیاب ہوگئی، 18 ویں منٹ میں نیوزی لینڈ کے ہیڈن فلپس نے گول کرکے مقابلہ 1-1 گول سے برابر کردیا جو دوسرے کوارٹر تک برقرار رہا، 35ویں منٹ میں پاکستان کے عماد بٹ نے گول کرکے ٹیم کو ایک بار پھر برتری دلائی تاہم صرف 3 منٹ کے بعد ہی بلیک کیپس کے جارج موئر نے گول کرکے مقابلہ دوبارہ 2-2 گول سے برابر کر دیا۔
میچ ختم ہونے سے 3 منٹ قبل نیوزی لینڈ کے مارکس چائلڈ نے گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔ اس طرح نیوزی لینڈ نے 3-2 گولز سے کامیابی حاصل کرکے فائنل میں جگہ بنانے کا اعزاز حاصل کیا۔ اسی روز کھیلے گئے دوسرے میچ میں آسٹریلیا نے جاپان کو 6-1 گولز سے ہرا کر فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کی، بلیک گوورز نے 2 جبکہ ڈینئل، جریمی ہیورڈ، جوش پولارڈ اور ٹام ویکھم نے ایک، ایک گول کیا۔
آسٹریلیا نے پہلے میچ میں پاکستان، دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ اور تیسرے میچ میں جاپان کو شکست فاش سے دوچار کیا تھا۔ آسٹریلوی ٹیم مسلسل 3 میچز جیت کر ناقابل شکست اور 9 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست رہی، نیوزی لینڈ اور جاپان کے پوائنٹس برابر ہیں تاہم بہترین گول اوسط کی بنا پر بلیک کیپس کی ٹیم فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔
تیسری پوزیشن کے میچ میں پاکستان کا مقابلہ جاپان سے ہوگا، اس سے قبل کھیلے گئے لیگ میچ میں پاکستان کو جاپان کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، اب گرین شرٹس کے پاس حریف ٹیم کو ہرا کر نہ صرف بدلہ چکانے بلکہ تیسری پوزیشن پانے کا موقع بھی ہے، ایونٹ کا فائنل بھی اتوار کو آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment