ایمزٹی وی(اسپورٹس)پی ایس ایل ڈرافٹ کیلیے مرتب کردہ کرکٹرز کی فہرست میں سلمان بٹ کا نام بھی شامل ہے تاہم اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل 2010 میں پانچ سالہ پابندی کی سزا مکمل کرنے کے بعد بحال ہونے والے سابق کپتان کو کسی فرنچائز کی جانب سے منتخب کیے جانے کا زیادہ امکان نہیں البتہ سلمان بٹ کو گولڈ کیٹیگری میں جگہ دی گئی جہاں اظہر علی، فہیم اشرف، راحت علی، فواد عالم سمیت کئی قومی کرکٹرز موجود ہیں جب کہ اتوار کو ڈرافٹ میں سابق کپتان کی خدمات فرنچائزز کیلیے دستیاب ہوں گی لیکن ماضی کا آسیب ان کے ساتھ چمٹا رہنے کا خدشہ موجود ہے۔
ذرائع کے مطابق بظاہر تو سلمان بٹ کا نام ڈرافٹ کی فہرست میں شامل کیا گیا لیکن درپردہ ان کو منتخب کرنے کیلیے گرین سگنل موجود نہیں۔ یاد رہے کہ سلمان بٹ کی رواں قائد اعظم ٹرافی میں بھی کارکردگی اچھی نہیں رہی، گزشتہ سیزن میں ان کا کھیل متاثر کن رہا تھا لیکن رواں سال واپڈا کی طرف سے 7میچز کی 13اننگز میں انھوں نے صرف20.31 کی اوسط سے 264 رنز اسکور کیے ہیں، ان میں 2 نصف سنچریاں شامل ہیں
دوسری جانب اسپاٹ فکسنگ سکینڈل میں سزا یافتہ پیسر محمد آصف کا نام ڈرافٹ پلیئرز کی فہرست میں موجود لیکن ان کیلیے بھی حالات سازگاردکھائی نہیں دیتے، گزشتہ ایڈیشن کے ڈرافٹ میں ان دونوں کرکٹرز کے نام شامل کیے گئے تھے لیکن کسی فرنچائز نے خدمات حاصل کرنے میں دلچسپی نہیں دکھائی تھی جب کہ اسی کیس میں سزایافتہ محمد عامر انٹرنیشنل کرکٹ میں سرگرم ہیں۔
یاد رہے کہ سلمان بٹ قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں لاہور وائٹس کی قیادت کریں گے۔