ایمزٹی وی(اسپورٹس)محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن گزشتہ ماہ سری لنکا کےخلاف ون ڈے سیریز میں مشکوک قرار دیا گیا تھا، جس کے بعد انہوں نے یکم نومبر کو انگلینڈ میں بائیو مکینک ٹیسٹ دیا۔ ٹیسٹ کی رپورٹ کے مطابق محمد حفیظ بولنگ ٹیسٹ کلیئر کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں، جس کے بعد انہیں مزید بولنگ سے روک دیا گیا ہے۔
آئی سی سی قوانین کے مطابق بولنگ کے دوران اگر بولر کے بازو کا خم 15 ڈگری کی حد میں ہو تو بولنگ کی اجازت مل جاتی ہے لیکن اگلے 24 ماہ میں کسی وقت بھی دوبارہ ایکشن غیر قانونی ثابت ہوجائے تو ایک سال کیلیے پابندی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
واضح رہے کہ آل راؤنڈر اس سے قبل بھی 2 مرتبہ مشکوک بولنگ ایکشن کی زد میں آچکے ہیں اور ضابطے کے تحت وہ 12ماہ تک بولنگ نہیں کرسکے تھے تاہم آئی سی سی سے کلیئرنس کے بعد انہوں نے دوبارہ بولنگ شروع کی تھی لیکن ایک بار پھر ان کا بولنگ ایکشن غیر قانونی قرار دیا گیا ہے۔