ایمز ٹی وی (اسپورٹس) ٹیسٹ بیٹسمین رینکنگ میں بھارت کے لوکیش راہول کی تنزلی اظہر علی کی ترقی کا باعث بن گئی۔
سری لنکا کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میں بھارتی اوپنر لوکیش راہول صرف 7 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، جس کی وجہ سے انھیں رینکنگ میں ایک درجہ تنزلی کا سامنا کرنا پڑا جس کا براہ راست فائدہ پاکستانی بیٹسمین اظہر علی کو پہنچا جوکہ اب آٹھویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں جب کہ ٹاپ پر موجود آسٹریلوی کپتان اسمتھ نے برسبین میں سنچری کی بدولت 11 پوائنٹس حاصل کیے جس سے ان کی پوزیشن مزید مضبوط ہوگئی ہے۔
ٹیسٹ بیٹنگ تاریخ میں سب سے زیادہ پوائنٹس حاصل کرنے والوں کی فہرست میں اب وہ پانچویں نمبر پر ہیں، ان سے آگے ڈان بریڈ مین، لین ہیوٹن، جیک ہوبز اور رکی پونٹ موجود ہیں۔ انگلینڈ کیخلاف رواں ایشز سیریز میں وہ مزید مضبوط پرفارمنس دے کر ان میں سے کچھ کو پیچھے چھوڑ سکتے ہیں۔
چتیشور پجارا کی دو درجے بہتری کے بعد دوسرے نمبر پر واپسی ہوئی ہے، روٹ اور کین ولیمسن ایک ایک درجہ تنزلی کے بعد تیسرے اور چوتھے نمبر پر چلے گئے ہیں، ناگپور میں ڈبل سنچری اسکور کرنے والے کوہلی بدستور پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔ سری لنکن کپتان چندیمل ایک ساتھ 6 درجے ترقی پاکر 17 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
بولرز میں ٹاپ پر جیمز اینڈرسن موجود ہیں، ایک درجہ بہتری سے جدیجا نے دوسری پوزیشن سنبھال لی ہے، پاکستان کے یاسر شاہ بدستور 15 ویں نمبر پر موجود ہیں۔ ادھر جمعے سے شروع ہونے والی دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں ویسٹ انڈیز کے پاس اپنے پوائنٹس بہتر بنانے کا موقع موجود ہے، اس وقت وہ 75 پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں نمبر پر موجود ہے، سیریز میں کلین سوئپ سے اس کے پوائنٹس 81 ہوجائیں گے تاہم پاکستان کی ساتویں پوزیشن کو کوئی خطرہ نہیں، اس کے پوائنٹس کی تعداد 88 ہے، دونوں میچز ہارنے کی صورت میں کیویز چھٹے نمبر پر آجائیں گے تاہم اسی مارجن سے سیریز جیتنے کے باوجود ان کی موجودہ چوتھی پوزیشن پر کوئی فرق نہیں پڑے گا البتہ تین پوائنٹس ضرور مل جائیں گے۔ٹاپ پر بھارتی ٹیم ہی موجود ہے۔