اتوار, 24 نومبر 2024


دوسرے ون ڈے میں کیوی اوپنرز پاکستان کا ہدف

 

ایمز ٹی وی (اسپورٹس)پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ کیلئے نیوزی لینڈ کے اوپنرز مارٹن گپٹل اور کولن منرو کی وکٹوں کو ہدف بنا لیا۔آج نیلسن میں قومی ٹیم کے پریکٹس سیشن کے دوران میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے باؤلنگ کوچ اظہر محمود نے کہا کہ مجھے اپنے باؤلرز پر پورا اعتماد ہے کہ وہ نیوزی لینڈ کے اوپنرز کی وکٹیں لینے میں کامیاب رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مارٹن گپٹل اور منرو دونوں بہترین فارم میں ہیں۔ منرو تیز کھیلنا پسند کرتے ہیں جبکہ گپٹل وکٹ پر سیٹ ہونے کیلئے وقت لیتے ہیں، ہمیں انہیں جلدی آؤٹ کرنا ہو گا اور ہم وکٹیں لینے کیلئے باؤلنگ کریں گے۔تاہم باؤلنگ کوچ نے اس تاثر کی نفی کی کہ وکٹیں نہ لینے کی صورت میں میچ پاکستان کے ہاتھ سے نکل جائے گا۔انہوں نے کہا کہ مجھے اپنے باؤلرز پر بھروسہ ہے جو میچ میں کسی بھی موقع پر وکٹیں لے سکتے ہیں لیکن نئی گیند کا استعمال اہم ہو گا۔
ہماری باؤلنگ مضبوط ہے اور ہم اگلے میچ میں بہتر کارکردگی دکھائیں گے۔اظہر محمود نے اس موقع پر حریف کپتان کین ولیمسن کو ملنے والے مواقعوں پر افسردگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ولیمسن ایک بہترین کھلاڑی ہیں اور اگر ان کو موقع ملے گا تو وہ ہمارے لیے مشکلات کھڑی کریں گے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم بہت اچھی ہے لیکن ہم ان سے بڑی اور صف اول کی ٹیموں کو شکست دے چکے ہیں اور ہم دنیا کی ہر اچھی ٹیم کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment