اتوار, 24 نومبر 2024


نیوزی لینڈ نے چوتھے میچ میں پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے چوتھے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی۔
ہیملٹن کے سیڈون پارک کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے چوتھے ایک روزہ میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز میں 0-4 کی برتری حاصل کرلی ہے، پاکستان کی جانب سے 262 رنز کے جواب میں نیوزی لینڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز مارٹن گپٹل اور منرو نے کیا، دونوں اوپنرز نے اچھا آغاز فراہم کیا اور 88 رنز کی شراکت قائم کی، منرو نے نصف سنچری اسکور کی اور 56 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ مارٹن گپٹل نے 31 رنز بنائے تاہم بعد میں آنے والے کھلاڑی خاص کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے اور صرف 99 کے مجموعی اسکور پر 4 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔
154 رنز پر نیوزی لینڈ کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی جس کے باعث کیویز مشکلات کا شکار ہوگئے تاہم ہینری نکولز اور گرانڈ ہوم نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا، دونوں کھلاڑیوں نے 109 رنزکی شراکت قائم کی جس کے باعث نیوزی لینڈ نے 46 ویں اووز میں ہدف حاصل کرلیا، ہینری نکولز نے 52 اور گرانڈ ہوم نے 74 رنز بنائے اور ناقابل شکست رہے۔
اس سے قبل قومی ٹیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کربیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اننگز کا آغاز فخر زمان اور فہیم اشرف نے کیا، اننگز کے آغاز سے ہی پاکستان کی بیٹنگ سست روی کا شکار رہی اور 7 کے مجموعی اسکور پر فہیم اشرف آؤٹ ہوگئے، کچھ ہی دیر بعد ون ڈاؤن آنے والے بابر اعظم صرف 3 رنز بناسکے اور واپس پویلین لوٹ گئے۔ 11 کے مجموعی اسکور پر 2 وکٹیں گرنے کے بعد فخر زمان نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور نصف سنچری اسکور کی۔
فخر زمان 54 رنز بناکر 97 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئے تاہم بعد میں آنے والے کھلاڑیوں میں حارث سہیل اور سرفراز احمد نے نصف سنچریاں اسکور کیں اور ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا جب کہ محمد حفیظ نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 81 رنز کی شاندار ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ پاکستان نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 262 رنز اسکور کیے۔
واضح رہے کہ پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں نیوزی لینڈ کو 0-4 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے، نیوزی لینڈ نے ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت پاکستان کو 61 رنز اور دوسرے میچ میں 8 وکٹوں سے شکست دی تھی جب کہ تیسرے میچ میں قومی ٹیم کو 183 رنز کے بڑے مارجن سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment