ھفتہ, 23 نومبر 2024


سرفرازاحمد "ڈریم ٹیم" کے کپتان

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)سنجے منجریکر نے اپنی ڈریم ٹیم کا کپتان سرفراز احمد کو مقرر کردیا سابق بھارتی کرکٹر کا کہنا ہے کہ وکٹ کیپر بیٹسمین نے مشکل صورتحال میں گرین شرٹس کی قیادت سنبھال کر چیمپئنز ٹرافی کا فاتح بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
تفصیلات کے مطابق ویب سائٹ ’’کرک انفو‘‘کی جانب سے کیے جانے والے ایک انٹرویو میں سنجے منجریکر نے کہا کہ اگرچہ 2017میں ویرات کوہلی نے بھارت کو کئی فتوحات دلانے میں اہم کردارادا کیا، بیٹنگ میں انفرادی کارکردگی بھی اچھی رہی، ویمنز ٹیم کی کپتان متھالی راج کی بطور کپتان اور کھلاڑی پرفارمنس متاثر کن تھی لیکن کپتان مقرر کرنے کا کہا جائے تو میرا ووٹ سرفراز احمد کے حق میں ہوگا۔
چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان ٹیم کو کوئی خاطر میں نہیں لارہا تھا، گذشتہ کارکردگی کو دیکھتے ہوئے ٹائٹل کا کوئی سوچ بھی نہیں رہا تھا، بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد گرین شرٹس نے جس طرح کم بیک کرتے ہوئے مسلسل فتوحات کے بعد فائنل میں روایتی حریف کو بھی زیر کیا، وہ حیران کن تھا،انھوں نے کہا کہ بظاہر کمزور سمجھی جانے والی ٹیم کا حوصلہ بلند رکھتے ہوئے نوجوانوں سمیت کھلاڑیوں کو آخر تک لڑانا سرفراز احمد کا بڑا کارنامہ تھا۔
انگلینڈ میں کنڈیشنز ایشیاء سے قطعی مختلف اور مضبوط حریفوں کا سامنا تھا لیکن اس کے باوجود گرین شرٹس کے کپتان نے اپنے حواس برقرار رکھتے ہوئے کئی برج الٹ ڈالے، میرے خیال میں 2017میں بطور کپتان سب سے زیادہ متاثرکن کارکردگی سرفراز احمد کی رہی، ان کی قیادت میں ٹیم ایک یونٹ میں ڈھلتی نظر آئی۔ یاد رہے کہ ویب سائٹ کی طرف سے نامزد کپتانوں میں ویرات کوہلی،اسٹیون سمتھ،سرفراز احمد،اصغر استنگزئی، ہیتھرنائٹ اور متھالی راج کو رکھا گیا تھا۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment