ایمزٹی وی(اسپورٹس) پاکستان سپر لیگ کا میلہ اپنے فیصلہ کن مرحلے کی جانب بڑھ رہا ہے اور ٹورنامنٹ کا انتہائی اہم میچ ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان آج کھیلا جائے گا۔
شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستانی وقت کے مطابق دونوں ٹیمیں رات 9 بجے ایونٹ کے 25ویں میچ میں مدمقابل ہوں گی۔متحدہ عرب امارات میں ایونٹ کے آخری 4 روز کے دوران 6 لیگ میچز پلے آف میں قسمت آزمائی کرنے والی 4 خوش قسمت ٹیموں کا فیصلہ کریں گی۔
امکان یہی ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق کی اسلام آباد یونائیٹڈ اور موجودہ کپتان سرفراز احمد کی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز گروپ میں پہلی دو پوزیشن حاصل کریں گی۔
پہلی دو ٹیموں کے درمیان دبئی میں اتوار کو پہلا پلے آف ہوگا اور فاتح ٹیم کو براہ راست کراچی فائنل کا ٹکٹ ملے گا جبکہ ہارنے والی ٹیم 21 مارچ کو لاہور کے آخری پلے آف میں ایک بار پھر قسمت آزمائے گی جب کہ 2 بدقسمت ٹیمیں وطن واپسی کا سفر شروع کریں گی۔
ملتان سلطانز کے پاس پلے آف میں جانے کے لئے آج آخری موقع ہے، اس نے 9 میچز کھیلے جس میں 4 جیتے، چار ہارے اور ایک میچ بارش کی نذر ہوا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے 7 میچز کھیل کر 5 میں کامیابی حاصل کی اور 10 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ہے جب کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے پاس بھی 10 پوائنٹس ہے اور بہتر رن ریٹ کی وجہ سے سرفہرست ہے۔
لاہور قلندرز مسلسل تیسرے سال پی ایس ایل کے پہلے مرحلے سے فارغ ہوچکی ہے اور اس کے پاس آگے جانے کا کوئی چانس نہیں البتہ وہ دوسروں کی پارٹی خراب کرسکتی ہے۔
لاہور قلندرز کے خلاف شکست کی وجہ سے کراچی کی ٹیم بھی ایک نئی مصیبت میں مبتلا ہوگئی ہے، کراچی کنگز کو ابھی 2 میچز کھیلنے ہیں اور ایک کامیابی اس کی مشکلات کو آسان کرسکتی ہے۔
پشاور زلمی کو اپنے باقی دونوں میچز جیتنے ہیں جن میں غلطی کی کوئی گنجائش نہیں اور ایک شکست بھی اسے ایونٹ سے باہر کرسکتی ہے۔