ایمزٹی وی(اسپورٹس)پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ٹی ٹونٹی میچ آج نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ ویسٹ انڈین ٹیم 12 برس کے بعد پاکستان کے دورے پر آئی ہے۔ آج کے میچ کیلئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ دونوں ٹیموں کے درمیان میچ رات 8 بجے کھیلا جائے گا۔
دوسری طرف پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کی سیریز کےلئے خصوصی ٹریفک اور سیکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
ٹکٹ خرید کر میچ دیکھنے والے افراد کےلئے یونیورسٹی روڈ پر حکیم سعید گراونڈ، اردو یونیورسٹی گراونڈ اور بیت المکرم مسجد کے سامنے اتوار بازار گراونڈز، ڈالمیا روڈ پر غریب نواز فٹبال گراونڈ جبکہ کشمیر روڈ پر کے ایم سی گراونڈ، کے ڈی اے کلب اور چائنا گراونڈ میں بھی پارکنگز بنائی گئی ہیں جہاں سے انھیں شٹلز میں اسٹیڈیم کے قریب پہنچایا جائے گا۔
اسٹیڈیم کے گیٹ 3 سے 7 بجے تک کھلے رہیں گے اور میچ کا آغاز 8 بجے ہوگا جبکہ شائقین کو موبائل فون لے جانے کی اجازت ہے لیکن پاور بینک لے جانے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
حکام کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم کے اطراف کی سکیورٹی کو پانچ حصار میں تقسیم کیا گیا ہے،اسٹیڈیم کے بیرونی احاطے کی سکیورٹی پولیس کے پاس ہوگی اور ایئرپورٹ سے لےکر شارع فیصل اور اسٹیڈیم کے اطراف ہزاروں اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی ایسٹ ذوالفقار لاڑک کے مطابق کرکٹ ٹیمز اور آئی سی سی کے سیکیورٹی آفیشل کو اسٹیٹ گیسٹ کا درجہ حاصل ہوگا،کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کےلئے پولیس کمانڈو اور آر آر ایف تعینات کی جائے گی،جبکہ کسی بھی امن و امان کی صورتحال کنٹرول کرنے کےلئے اینٹی رائٹ فورس رزرو کے طور پر انجام دے گی۔
پارکنگ علاقہ اور متبادل راستوں پر عوام الناس کی حفاظت اور رہنمائی کےلئے پولیس کی طرف سے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے۔
سی سی ٹی وی کیمرا اور ہائی ریزولوشن کیمروں کی مدد سے نگرانی کی جائے گی،موسمی حالات کے پیش نظر شائقین کی سہولت کےلئے اسٹیڈیم کے داخلے کے اوقات تین سے سات بجے تک ہونگے۔