اتوار, 24 نومبر 2024


شاہینوں نے کالی آندھی کو شکست دے دی

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے یک طرفہ مقابلے کے بعد ویسٹ انڈیز کو 143 رنز سے شکست دیدی۔
کراچی کے نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 203 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے دیئے گئے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کے 9 کھلاڑی 60 رنز پر ڈھیر ہو گئے جب کہ ایک کھلاڑی ان فٹ ہونے کی وجہ سے بیٹنگ کے لیے نہ آ سکا۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے اننگز کا آغاز چیڈ وک والٹن اور آندرے فلیچر نے کیا۔
آندرے فلیچر نے محمد نواز کو پہلی ہی گیند پر چھکا لگا کر خطرناک عزائم کا اظہار کیا لیکن پہلے ہی اوور کی چوتھی گیند پر محمد نواز نے انہیں محمد آصف کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا دیا۔
محمد عامر نے دوسرے اوور میں پہلے آندرے فلیچر کو حسین طلعت کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا اور پھر ایک گیند بعد عامر نے ویسٹ انڈین کپتان جیسن محمد کو بھی حسین طلعت ہی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا دیا۔
حسن علی نے پانچویں اوور کی پہلی ہی گیند پر دنیش رامدین کو محمد نواز کے ہاتھوں آؤٹ کرایا، رامدین بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
ویسٹ انڈیز کی وکٹیں خزاں کے پتوں کی طرح گرتی رہیں اور پوری ٹیم 14 ویں اوور میں 60 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
پاکستان کی جانب سے محمد عامر، محمد نواز اور شعیب ملک نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ حسن علی، شاداب خان اور حسین طلعت کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
قبل ازیں پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور بابراعظم نے کیا جب کہ ویسٹ انڈیز کی جانب سے پہلا اوور سیموئیل بدری نے کرایا۔
پاکستان کو پہلا نقصان پانچویں اوور میں ہوا جب بابراعظم ریاد ایمرٹ کی گیند پر 17 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ فخر زمان اچھی فارم میں دکھائی دیئے تاہم وہ 8 ویں اوور میں غیر ضروری رن بنانے کی کوشش میں رن آؤٹ ہو گئے، انہوں نے 24 گیندوں پر 39 رنز کی اننگز کھیلی۔
فخر زمان اور بابر اعظم کے آؤٹ ہونے کے بعد حسین طلعت اور سرفراز احمد نے اننگز کو آگے بڑھایا اور 140 کے مجموعی اسکور پر حسین طلعت 41 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے 22 گیندوں پر 38 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جب کہ شعیب ملک نے بھی 14 گیندوں پر 2 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے دھواں دھار 37 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔
قبل ازیں مہمان ویسٹ انڈین ٹیم کے کپتان جیسن محمد نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
اس موقع پر قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ آج کے میچ میں حسین طلعت اور آصف علی اپنا ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وکٹ بیٹنگ کے لیے اچھی دکھائی دے رہی ہے، کوشش ہو گی کہ 160 سے زائد رنز بنائیں اور پاکستان کی جانب سے فخر زمان اور بابر اعظم اننگز کا آغاز کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں شائقین کی تعداد دیکھ کر بہت اچھا لگ رہا ہے۔
میچ دیکھنے کے لئے آنے والے شائقین کو شٹل بس سروس کے ذریعے پارکنگ ایریاز سے گراؤنڈ تک لایا گیا، شائقین کو سخت سیکیورٹی چیکنگ کے بعد اسٹیڈیم کے اندر داخل ہونے کی اجازت دی گئی۔
قبل ازیں مہمان ویسٹ انڈین ٹیم کو انتہائی سخت سیکیورٹی میں اسٹیڈیم پہنچایا گیا جہاں دونوں ٹیموں کے کپتانوں کی موجودگی میں ٹرافی کی رونمائی کی گئی اور دونوں کپتانوں نے ٹرافی کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment