ھفتہ, 23 نومبر 2024


ویرات کوہلی شاہد آفریدی کے خلاف میدان میں آگئے

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس) مسئلہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم پر سابق کپتان شاہد آفریدی کے ٹوئٹ نے بھارت میں ہنگامہ مچادیا ہے بھارتی کپتان ویرات کوہلی بھی شاہد آفریدی کے خلاف میدان میں آگئے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے شاہد آفریدی کی جانب سے کشمیریوں کے حق میں کی جانے والی ٹوئٹ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’شاہد آفریدی نے کشمیر معاملے پر جو کچھ بھی کہا وہ اس کی حمایت نہیں کرتے، بحیثیت ایک بھارتی شہری آپ وہ بات کہتے ہیں جو آپ کے ملک وقوم کے مفاد میں ہو، اور میری حمایت ہمیشہ اپنے ملک اورقوم کیلئے ہے۔ اگر کوئی میرے ملک کے خلاف ہے تو میں اسے بالکل بھی سپورٹ نہیں کروں گا۔‘‘
کوہلی نے مزید کہا کسی بھی معاملے پر تبصرہ کرنا یا نا کرنا یہ ہر انسان کا ذاتی مسئلہ ہوتا ہے، جب تک کہ اسے اس معاملے کے حوالے سے مکمل معلومات حاصل نہ ہوں۔ اور کشمیر کے معاملے پر مجھے زیادہ معلومات نہیں ہیں تاہم میری ترجیح ہمیشہ میرا ملک ہوگا۔
مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ کئی روز سے بھارتی فوج نے ظلم و بربریت کی انتہا کررکھی ہے۔ مختلف واقعات میں بھارتی فوج 3 روز کے دوران 20 بے گناہ کشمیریوں کو شہید اور سینکڑوں کو زخمی کرچکی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں جاری ظلم کے خلاف پاکستان کی اعلیٰ سیاسی و سماجی شخصیات کے ساتھ کرکٹرشاہد آفریدی نے بھی آواز بلند کی اور بھارتی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ’’مقبوضہ کشمیر میں صورتحال نہایت پریشان کن ہے، ظالم حکومت اپنے حق خوداداریت اور آزادی کیلئے آواز بلند کرنے والوں کو شہید کررہی ہے۔‘‘
شاہد آفریدی کے اس بیان نے بھارتی میڈیا میں طوفان مچادیا تھا جب کہ بھارتی کرکٹر گوتم گمبھیر نے ٹوئٹر پر شاہد آفریدی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ جس پرآفریدی نے گوتم کو جواب دیتے ہوئے بھارتی ترنگے کے ساتھ اپنی تصویر شیئر کرتےہوئےکہا تھا’’ہم سب کی عزت کرتے ہیں، ایک کھلاڑی کی حیثیت سے یہ تصویراس کی مثال ہے لیکن جب بات انسانی حقوق کی آتی ہے تو ایسا سلوک معصوم کشمیریوں کے ساتھ بھی چاہتے ہیں۔‘‘

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment