ایمزٹی وی(اسپورٹس)کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والا سنسنی خیز ہاکی میچ برابر ہوگیا۔
آسٹریلیا کے شہر گولڈ کوسٹ میں جاری 21 ویں کامن ویلتھ گیمز کے ہاکی ایونٹ میں پاکستان اور بھارت کا میچ دو دو گول سے برابر ہوگیا۔ میچ کے آغاز سے ہی بھارت نے جارحانہ انداز اختیار کیا اور کچھ ہی دیر میں دلپریت سنگھ نے گول داغ دیا۔ پہلے کوارٹر کے اختتام پر بھارت کو پاکستان کے خلاف ایک صفر کی برتری حاصل ہوگئی۔
دوسرے کوارٹر کے آغاز پر بھی بھارت نے دباؤ برقرار رکھا اور پاکستان کو دفاعی انداز اختیار کرنے پر مجبور کردیا۔ ہرمن پریت سنگھ نے بھارت کی جانب سے دوسرا گول کردیا۔ دوسرے ہاف میں پاکستانی کھلاڑیوں نے جارحانہ حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے گول کرنے کی متعدد کوششیں کیں اور تیسرے کوارٹر میں پاکستان کی طرف سے محمد عرفان جونیئر گول کرنے میں کامیاب ہوگئے۔
چوتھے کوارٹر میں بھی گرین شرٹس نے جارحانہ انداز برقرار رکھا اور تابڑ توڑ حملے کیے لیکن گول کرنے میں کامیاب نہ ہوسکے۔ میچ ختم ہونے میں صرف 10سیکنڈز باقی تھے کہ پاکستان کو پینالٹی کارنر مل گیا تاہم بھارتی گول کیپر گیند کو روکنے میں کامیاب ہوگئے اور یہ سنہری موقع ضائع ہوگیا۔ لیکن خوش قسمتی سے پاکستان کو ایک اور پینالٹی کارنر مل گیا جس پر مبشر علی نے آخری سیکنڈز میں گول کردیا۔ اس طرح میچ دو دو گول سے برابر ہوگیا۔ پاکستان نے بھارت کے خلاف ہاکی میں مسلسل سات میچز میں شکست کے بعد پہلا میچ برابر کیا ہے۔