ھفتہ, 23 نومبر 2024


پاکستان بمقابلہ اسکاٹ لینڈ، پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کی فتح

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)پاکستان نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں اسکاٹ لینڈ کو 48 رنز سے شکست دے دی۔ پاکستان اور اسکاٹ لینڈ کے درمیان دو میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹ کے نقصان پر 204 رنز بنائے جس کے جواب میں اسکاٹ لینڈ مقررہ اوورز میں 6 وکٹ کے نقصان پر 156 رنز ہی بناسکی۔
اسکاٹ لینڈ کی جانب سے جارج منسی اور کائیل کوئٹزر نے 53 رنزکا آغاز فراہم کیا، کپتان کائیل نے 31 رنز پر محمد نواز کا شکار بنے، منسی کی وکٹ حسن علی کے حصے میں آئی وہ 25 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
جس کے بعد شاداب خان نے لگاتار دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھا کر میزبان ٹیم کی مشکلات میں اضافہ کیا۔ تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے رچی بیرنگٹن صرف 3 رنز کے مہمان ثابت ہوئے اور کالم مکلاوڈ کی اننگز 12 رنز تک ہی محدود رہی۔
مڈل آرڈر بلے باز ڈیلان بج نے مزاحمت کی کوشش کی لیکن محمد عامر نے ان کی مزاحمت 24 رنز پر ختم کردی۔ مائیکل لیسک اور میتھیو کراس نے چھٹی وکٹ کے لیے 43 رنز کی اہم شراکت قائم کرکے اسکور بورڈ کو آگے بڑھایا لیکن حسن علی نے کراس کو پویلین بھیج کر اس شراکت داری کا خاتمہ کیا، وہ 13 رنز ہی بناسکے جب کہ مائیکل لیسک 37 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
اس سے قبل قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کے لیے فخرزمان اور احمد شہزاد نے ٹیم کو 33 رنزکا آغاز فراہم کیا لیکن احمد شہزاد چوتھے اوور میں 14 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے۔
حسین طلعت تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آئے اور فخرزمان کے ساتھ ملکر اسکور بورڈ میں صرف 13 رنز کا ہی اضافہ کیا تھا کہ فخرزمان اپنی وکٹ گنوا بیٹھے وہ 21 رنز بنانے میں کامیاب رہے جس کے بعد کپتان سرفراز احمد خود بیٹنگ کے لیے آئے اور حسین کے ساتھ ملکر 41 رنز کی اہم شراکت قائم کی تاہم حسین طلعت 18 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے۔
کپتان سرفراز نے شعیب ملک کے ساتھ ملکر چوتھی وکٹ کے لیے 96 رنز کی جارحانہ شراکت داری قائم کی، اس دوران دونوں بلے بازوں نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں، شعیب ملک 27 گیندوں پر 53 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 5 چھکے بھی شامل تھے۔ کپتان سرفراز نے اپنے ٹی ٹوئنٹی کیریئر کی بیسٹ اننگز کھیلتے ہوئے ناقابل شکست 89 رنز بنائے جس میں 3 چھکے اور 10 چوکے شامل تھے۔
واضح رہے اسکاٹ لینڈ نے چند روز قبل ہی انگلینڈ کو ایک روزہ میچ میں شکست سے دوچار کیا تھا۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment