لاہور: ٹیسٹ رینکنگ میں چھٹا نمبر پاکستان کی دسترس میں آنے لگا جب کہ ابوظبی میں کامیابی کے بعد سری لنکا سے صرف2 پوائنٹس کا فرق باقی رہ گیا ہے۔ آسٹریلیا سے سیریز جیتنے کے باوجود ٹیسٹ رینکنگ میں پاکستانی ٹیم کی ساتویں پوزیشن برقرار رہی، البتہ7 رینکنگ پوائنٹس ملنے سے وہ ترقی پانے کے قریب آگئی، گرین کیپس کے پوائنٹس اب88 سے بڑھ کر 95 ہوگئے ہیں۔ چھٹے نمبر پر موجود سری لنکاکے پوائنٹس 97 ہیں، لہذا ان میں اب صرف 2 پوائنٹس کا فرق رہ گیا ہے، سیریز میں ناکامی نے آسٹریلیا کو تیسری پوزیشن سے محروم کردیا، کینگروز 2 درجے تنزلی کے بعد پانچویں نمبر پر چلے گئے، انھوں نے شروعات تیسری پوزیشن اور106 پوائنٹس کے ساتھ کی اور دوسرے نمبر پر فائز جنوبی افریقہ سے اعشاریائی خسارے کا سامنا تھا، البتہ اب پوائنٹس کم ہوکر 102 رہ گئے۔ نیوزی لینڈ کے بھی اتنے ہی پوائنٹس ہیں لیکن وہ اعشاریائی سبقت ملنے کی وجہ سے سردست چوتھی پوزیشن پر ہے، انگلینڈ ترقی ملنے پر تیسرے درجے پر فائز ہوگیا،ویسٹ انڈیز 76 پوائنٹس لے کر آٹھویں اور بنگلہ دیش 67 پوائنٹس کے ہمراہ نویں نمبر پر براجمان ہے جب کہ ٹاپ 10 کی آخری شریک زمبابوین سائیڈ محض 2 پوائنٹس لے سکی ہے۔