کراچی: پاکستان سپر لیگ کے سیزن فور میں فائنل راؤنڈ کھیلنے کے لیے ٹیموں کی کراچی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل کے لیے اسٹارز کی کہکشاں پاکستان میں سجنے کو تیار ہیں، آسٹریلیا کے شین واٹسن چودہ سال بعد ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کہتے ہیں شائقین گراؤنڈ میں آئیں اور کرکٹ کو سپورٹ کریں، سرفراز احمد ایئرپورٹ پہنچے تو فینز نے گھیرلیا اور سیلفیاں بنائیں۔ آسٹریلیا کے شین واٹسن کا چودہ سال بعد پاکستان آنے کے لیے تیار ہیں، کراچی کنگز کے غیرملکی کھلاڑی کولن منرو، انگرم اور لیونگ اسٹون بھی پاکستان آرہے ہیں۔ پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی اور پولارڈ بھی نیشنل اسٹیڈیم میں شائقین کا لہو گرمائیں گے۔ پاکستان سپرلیگ کا چوتھا مرحلہ دو روز قبل ابوظہبی میں مکمل ہوگیا جس کے بعد اب بقیہ تمام میچز کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ ملتان سلطانز کی ٹیم پلے آف مرحلے سے باہر ہوگئی جبکہ کراچی کنگز، پشاور زلمی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، لاہور قلندرز، اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں ٹرافی حاصل کرنے کے لیے مقابلے کریں گی۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہونے والے پی ایس ایل میچز کے لیے بھرپور انتظامات کیے جارہے ہیں، گراؤنڈ میں کمانڈ اینڈ کنٹرول روم بھی فعال کردیا گیا ہے۔