کراچی: پاکستان کیخلاف ون ڈے سیریز سے قبل فٹنس مسائل نے کینگروز کی ناک میں دم کر دیا
پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین ون ڈے سیریز کا آغاز جمعے کو شارجہ میں ہوگا،کینگروز کی پریکٹس کے ابتدائی دونوں روز گلین میکسویل بیماری کے سبب میدان میں نہیں آئے،پیسر پیٹ کمنز پہلے روز موجود نہیں تھے،مینجمنٹ نے انہیں جم ٹریننگ تک محدود رکھا تاہم وہ بدھ کو نیٹ میں بولنگ کرتے نظر آئے، امکان یہی ہے کہ انھیں سیریز کے دوران کسی موقع پر آرام دیا جائے گا.
پیٹ کمنز کے مسائل میں اضافہ ورلڈکپ کیلیے حتمی پلاننگ میں مصروف سلیکشن کمیٹی کیلیے نیا درد سر ہوگا،مچل سٹارک اور جوش ہیزل ووڈ پہلے ہی انجریز سے مکمل نجات پانے کیلیے کوشاں ہیں۔
اس سے قبل پیٹ کمنز کو جنوری میں بھارت کیخلاف ون ڈے سیریز میں بھی آرام دیا گیا تھا،ایک بار پھر ان کے مسائل سامنے آئے تو کینگروز کو کین رچرڈسن اور کولٹر نائل میں سے کسی کو موقع دینا ہوگا۔
یواے ای کی کنڈیشنز میں اہم ترین اسپنر خیال کیے جانے والے ناتھن لیون گیسٹرو کا شکار ہوئے تھے اور صحتیابی کیلیے کوشاں ہیں، انھیں بھی پہلے روز ٹریننگ کیلیے میدان میں نہیں بلایا گیا، دوسرے دن وہ پریکٹس میں شرکت کیلیے آئے تھے،اسپنر کی فٹنس پر نظر رکھی جا رہی ہے۔