ابوظبی: قومی ٹیم کے کوچ مکی آرتھر نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ون ڈے میں کسی کھلاڑی کا ڈیبیو نہیں ہوگا. ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا. مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ فہیم اشرف اور محمدعباس کی جگہ جنید خان اور عثمان شنواری کھیلیں گے. قومی ٹیم کے کوچ کا کہنا تھا کہ عالمی کپ کے لئے فٹنس ٹیسٹ 14 اپریل کو ہوں گے، اس ضمن میں کوئی رعایت نہیں ہوگی. انھوں نے قومی ٹیم کا حصہ بننے والے عمر اکمل سے متعلق کہا کہ انھوںنے ڈسپلن بہتر کیا ہے، البتہ فٹنس پرمزید کام کرنے کی ضرورت ہے. خیال رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کا تیسرا میچ کل ابوظبی میں کھیلا جائے گا، سیریز کا تیسرا میچ شیخ زید کرکٹ اسٹیدیم ابوظبی میں ہوگا، میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 4 بجے شروع ہوگا۔ مہمان ٹیم آسٹریلیا کو پاکستان کے خلاف پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل ہے۔ پاکستان ٹیم کا باؤلنگ اٹیک ابتدائی دو ون ڈے میچوں میں بری طرح ناکام رہا، کینگروز نے دونوں میچ 8،8 وکٹوں سے اپنے نام کیے۔