المی کپ 2019 کے لیے میزبان اور فیورٹ انگلینڈ نے اپنے 15رکنی ابتدائی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے جس میں جوفرا آرچر کو شامل نہیں کیا گیا البتہ انہیں پاکستان کے خلاف سیریز کے لیے اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔ انگلینڈ نے گزشتہ سیریز کھیلنے والی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہ کرتے ہوئے اپنے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے جس کی قیادت بدستور آئن مورگن کریں گے۔ توقعات کے برعکس جوفرا آرچر کو اسکواڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا لیکن وہ آئرلینڈ و پاکستان کے خلاف ٹی20 اور پاکستان کے خلاف 5ون ڈے میچوں کی سیریز کے لیے اعلان کردہ 17رکنی انگلش اسکواڈ کا حصہ ہیں۔ انگلینڈ نے دونوں ملکوں کے خلاف ایک، ایک ٹی20 میچ کے لیے 14رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا ہے جس کے مستقل رکن معین علی، جونی بیئراسٹو، جوز بٹلر اور بین اسٹوکس کو آرام کا موقع دیا گیا ہے حالانکہ وہ انڈین پریمیئر لیگ میں فرنچائز کرکٹ کھیل رہے ہیں۔ ٹی20 اسکواڈ میں سیم بلنگز اور جیمز ونس کو شامل کیا گیا ہے جبکہ ممکنہ طور پر جوفرا آرچر سیریز کے دوران انگلینڈ کے لیے ڈیبیو کریں گے۔ انگلینڈ کے نیشنل سلیکٹر ایڈ اسمتھ نے کہا کہ آئی سی سی کے قوانین کے تحت ہمیں 23اپریل تک اپنے ابتدائی اسکواڈ کا اعلان کرنا تھا تاہم پاکستان کے خلاف اعلان کردہ 17رکنی اسکواڈ کا کوئی بھی رکن اس سیریز کے اختتام پر ورلڈ کپ کے اسکواڈ میں جگہ بنا سکتا ہے۔ ورلڈ کپ کے لیے اسکواڈ کا حتمی شکل دینے کی آخری تاریخ 23مئی ہے۔ ورلڈ کپ کے لیے اعلان کردہ انگلینڈ کا ابتدائی اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ آئن مورگن(کپتان)، معین علی، جونی بیئراسٹو، جوز بٹلر، بین اسٹوکس، عادل رشید، ٹام کرن، جو ڈینلی، ایلکس ہیلز، لیام پلنکٹ، جو روٹ، جیسن رائے، ڈیوڈ ولی، کرس ووکس اور مارک وُڈ۔ پاکستان کے خلاف سیریز کے لیے انگلینڈ کے 17رکنی اسکواڈ میں کپتان آئن مورگن، معین علی، جوفرا آرچر، جونی بیئراسٹو، جوز بٹلر، بین اسٹوکس، عادل رشید، ٹام کرن، جو ڈینلی، ایلکس ہیلز، کرس جورڈن، لیام پلنکٹ، جو روٹ، جیسن رائے، ڈیوڈ ولی، کرس ووکس اور مارک وُڈ۔