پیر, 06 مئی 2024


پاکستان اور ترکی تجارتی مذاکرات کا تیسرا دور مکمل

ایمزٹی وی(بزنس)پاکستان اور ترکی کے درمیان آزادتجارتی معاہدے پر مذاکرات کا تیسرا دور انقرا میں وزارت معیشت کے دفتر میں 25 سے 27 جولائی کو ہوا، فریقین نے معاہدے کے مسودے پر بات چیت کی جس کے نتیجے میں دوطرفہ تجارت کو فروغ ملے گا۔

اجلاس میں اشیا و خدمات میں تجارت اور سرمایہ کاری پر معاہدوں کے مسودوں پر غور کیا گیا، اس دوران ٹیرف، کسٹمز سہولتوں، تحفظ کے اقدامات، اوریجن رولز، ٹیرف میں کمی کے طریقہ کار، دوطرفہ سرمایہ کاری میکنزم اور خدمات پر مفصل تبادلہ خیال ہوا۔ انقرا سے ملنے والے پیغام کے مطابق دونوں فریقین نے مذاکرات کے دوران اب تک کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ وزارت تجارت میں ایڈیشنل سیکریٹری برائے تجارتی سفارتکاری روبینہ اطہر نے وفد کی قیادت کی، وفد وزارت تجارت، سرمایہ کاری بورڈ (بی اوآئی) اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے نمائندوں پر مشتمل ہے، ترک وفد کی قیادت وزارت معیشت میں ڈپٹی انڈرسیکریٹری ہوسنو ڈیلمر نے کی۔

مذاکرات میں استنبول میں تعینات پاکستانی قونصل جنرل ڈاکٹر یوسف جنید اور ترکی کے لیے سفیر سہیل محمود نے بھی شرکت کی۔ بہترین باہمی سیاسی تعلقات اور مضبوط اقتصادی شراکت کے قیام کے لیے دونوں ملکوں کی سیاسی قیادت کی بصیرت کے پس منظر میں دونوں فریقین نے آزادتجارتی معاہدے کیلیے مذاکرات تیزی کے ساتھ جاری رکھنے پر اتفاق کیا تاکہ باہمی تجارت کو فروغ دینے کے لیے پیشرفت کی جاسکے۔

یاد رہے کہ مصنوعات، خدمات وسرمایہ کاری پر دونوں ملکوں کے درمیان جامع آزادتجارتی معاہدے کے لیے مذاکرات شروع کرنے کا فیصلہ فروری 2015 میں ہائی لیول اسٹریٹجک کوآپریشن کونسل کے چوتھے سیشن کے دوران اسلام آباد میں کیا گیا تھا جس کی صدارت پاکستان اور ترکی کے وزرائے اعظم نے مشترکہ طور پر کی تھی، پھر اسی سال اکتوبر کے دوران انقرا میں آزادتجارتی مذاکرات کے افتتاحی سیشن کے بعد فریقین نے اسلام آباد میں مارچ 2016 میں فریم ورک ایگریمنٹ پر دستخط کیے تھے، حالیہ اجلاس میں آزادتجارتی مذاکرات کا چوتھا دور اسلام آباد میں آئندہ ماہ منعقدکرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment