جمعہ, 03 مئی 2024


5ماہ کی تنخواہوں سمیت تمام واجبات فوری ادا کرنے کا مطالبہ

ایمز ٹی وی (تجارت) پاکستان اسٹیل کی بحالی، ملازمین کی تنخواہیں، کرپشن کا احتساب اور قیمتی زمین کی بندر بانٹ کے خلاف پاکستان اسٹیل کی 16سے زائد یونینز، آفیسرز ایسوسی ایشنز اور تنظیموں کا نمائندہ اجلاس الائنس کے کنوینر ظفر خان کی زیر صدارت منعقد ہواجس میں مشترکہ اعلامیہ منظور کیا گیا اور آئندہ کالائحہ عمل طے کیا گیا۔
مشترکہ اعلامیے میں مطالبہ کیا گیا کہ فوری طور پر 5 ماہ کی تنخواہیں منظور کی جائیں، میڈیکل، پراویڈنٹ فنڈ، گریجویٹی اور ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات ادا کیے جائیں، پاکستان اسٹیل کو کرپشن اور بدانتظامی کے ذریعے تباہ کرنے والوں کا احتساب کیا جائے، اس سلسلے میں ادارے اپنا کردار اداکریں جبکہ پاکستان اسٹیل کی قیمتی زمینوں کے اونے پونے داموں بندر بانٹ بند کی جائے اور مجوزہ نجکاری سے پہلے اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے ورنہ ملازمین اپنی جدوجہد کو تیز کرتے ہوئے پہلے مرحلے میں منگل کو ادارے میں ریلی منعقد کریں گے۔
اجلاس میں ایکشن کمیٹی بھی بنائی گئی جو مطالبات کی منظوری کیلیے تفصیلی پروگرام طے کریگی۔ اجلاس میں پاسلو یونین کے حافظ وقاص، داؤد خان، خلیل الرحمان، انصاف لیبر یونین کے وحید سومرو، تنویر ایوب، پیپلز یونین کے نعیم الحق، سلیم گل، محمد علی زرداری، ٹاپس کے محمد شاہداور عادل خان، ن لیگ لیبر ونگ کے چوہدری یاسین، فنکشنل لیگ کے عبد الحق چنہ، پیپلز نظریاتی کے اکبر ناریجو، ورکرز ایکشن کمیٹی کے نوید آفتاب، سندھی آفیسرز کے رحمان شاہ، پاسوا کے آباد مغل، محمد طارق، سندھ نیشنل فرنٹ لیبر ونگ کے وجاہت قمبرانی، منارٹی ونگ کے سعید انجم، لجپت شرما، خالد جمال، محمد طیب، انور جمال اور سینئر مزدور رہنما سلیم احمد و دیگر نے شرکت کی اورکہا کہ مشترکہ جدوجہدکے حوالے سے اجلاس خوش آئندہ ہے، مطالبات کی منظوری کیلیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment