اتوار, 05 مئی 2024


سیمنٹ سیکٹر کی خریداری سے 311 پوائنٹس ریکور۔

ایمز ٹی وی (تجارت) سیمنٹ سیکٹرسے متعلق حوصلہ افزا اطلاعات پرہونے والی وسیع خریداری سرگرمیوں کے باعث پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں جمعہ کو بھی معمولی مندی کے بعد تیزی کا تسلسل قائم رہا جس سے انڈیکس کی33200 ،33300 اور33400 پوائنٹس کی مزید 3 حدیں بیک وقت بحال ہوگئیں، 63.35 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں بھی40 ارب72 کروڑ75 لاکھ10 ہزار216 روپے کا اضافہ ہوگیا۔ ماہرین اسٹاک کا کہنا تھا کہ مارکیٹ میں درج میپل لیف سیمنٹ کے بہترین کیش فلو کے سبب سکوک قرضوں کی قبل ازوقت ادائیگیوں اور کوہاٹ سیمنٹ کی توانائی میں خودکفالت کے لیے اپنے ویسٹ ہیٹ انرجی پلانٹ کو آپریشنل کرنے کی خبروں نے اس شعبے کے بیشتر کمپنیوں کے حصص میں سرمایہ کاری کوپرکشش ثابت کیا جبکہ مرکزی بینک کی آئندہ کی مانیٹری پالیسی میں شرح سود مستحکم رکھنے کی افواہوں نے بینکنگ سیکٹر میں سرمایہ کاری کے حجم کو بڑھایا اوراسی طرح فرٹیلائزر سیکٹر کے حصص بھی سرمایہ کاروں کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔ کاروباری حجم جمعرات کی نسبت 24.61 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر20 کروڑ40 لاکھ95 ہزار140 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار352 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں223 کے بھاؤ میں اضافہ، 104 کے داموں میں کمی اور25 کی قیمتوں میں استحکام رہا، جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں شیزان انٹرنیشنل کے بھاؤ22.79 روپے بڑھ کر514 روپے اور پاکستان ٹوبیکو کے بھاؤ20.31 روپے بڑھ کر1340 روپے ہو گئے جبکہ وائتھ پاکستان کے بھاؤ55 روپے کم ہوکر1635 روپے اور باٹا پاکستان کے بھاؤ48.34 روپے کم ہوکر3450 روپے ہوگئے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment