اتوار, 05 مئی 2024


جولائی تامارچ ہدف حاصل نہ ہو سکا

 
ایمز ٹی وی (تجارت) بچت اسکیموں پر سرمایہ کاری کا جولائی تامارچ ہدف حاصل نہ ہو سکا، اس دوران ہدف کے مقابل سرمایہ کاری 15.78 فیصد کم رہی۔
سینٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز ( سی ڈی این ایس) کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کے دوران یکم جولائی 2015سے 31مارچ 2016 تک بچت اسکیموں کی مد میں 192ارب روپے کی وصولیاں ہوئیں جبکہ ان 9ماہ (3سہ ماہی)کا ہدف 228 ارب روپے تھا تاہم گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 268.9702 ارب روپے کی سرمایہ کاری کے مقابل وصولیاں28.61 فیصدکم رہیں۔ واضح رہے کہ پورے مالی سال کیلیے بچت اسکیموں پر سرمایہ کاری کا ہدف 304 ارب روپے ہے۔
اس طرح ہدف کو حاصل کرنے کیلیے بچت اسکیموں پر 3ماہ میں 112ارب روپے کی سرمایہ کاری درکار ہے جبکہ مالی سال 2014-15 میں بچت اسکیموں میں 337.0593 ارب روپے کی سرمایہ کاری ہوئی تھی۔ اعدادوشمار کے مطابق رواں سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران مختلف قومی بچت اسکیموں پر 82 ارب روپے کی سرمایہ کاری ہوئی جبکہ ہدف 66 ارب روپے تھا۔ واضح رہے کہ سینٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز نے بچت اسکیموں کیلیے یکم اپریل 2016 سے شرح منافع میں ردوبدل کیا ہے۔ ڈیفنس سیونگز سرٹیفکیٹس، اسپیشل سیونگز سرٹیفکیٹس، ریگولر انکم سرٹیفکیٹس اور سیونگز اکاؤنٹس پر منافع کی نظرثانی شدہ شرح بالترتیب 7.80 فیصد، 6.07 فیصد، 6.63 فیصد اور 4 فیصد مقرر کی گئی ہے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment