اتوار, 05 مئی 2024


بینکوں کو اے ٹی ایم سہولت کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانیکی ہدایت

ایمز ٹی وی(بزنس)اس سال اسٹیٹ بینک نے عوام الناس کی خدمت کے لیے وسیع تر انتظامات کیے ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد رمضان المبارک اور عیدالفطر کی طویل تعطیلات کے دوران عوام کو زحمت سے بچاتے ہوئے مالی خدمات فراہم کرنا ہے۔عیدالفطر کے موقع پر اے ٹی ایم سہولتوں کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اسٹیٹ بینک نے تمام کمرشل بینکوں کو ہدایت کی ہے کہ عوام کی سہولت کے لیے ضروری اقدامات کریں۔ یکم جولائی سے 10جولائی 2016 کے دوران یہ تصدیق کرنے کے لیے کہ اے ٹی ایمز درست طور پر کام کررہی ہیں، اسٹیٹ بینک کے انسپکٹرز اور ایس بی پی بی ایس سی کے دفاتر کی توثیقی ٹیمیں کمرشل بینکوں کی اے ٹی ایم سائٹس کی نگرانی کریں گی۔ عید کی طویل تعطیلات کے پیش نظر بینکوں کو یہ ہدایت بھی کی گئی ہے کہ ایس بی پی بی ایس سی کے دفاتر کو اضافی نقد کی ضروریات کے بارے میں پیشگی آگاہ کریںتاکہ عید کی چھٹیوں میں اے ٹی ایمز میں رقوم کی موجودگی کے لیے مناسب انتظامات کیے جاسکیں۔ بینک اس بات کو بھی یقینی بنائیں گے کہ اے ٹی ایمزکے علاوہ پوائنٹ آف سیل اور دیگر آلٹرنیٹو ڈلیوری چینلز پر بھی سہولتیں بلاتعطل دستیاب رہیں۔ بینکوں کو اس امر کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے کہ کمرشل بینکوںکو مخصوص ٹیمیں اے ٹی ایمز سے متعلق شکایات کے بروقت تصفیے کے دستیاب رہیں، بینکوں کی ہیلپ لائن کے نمبرز اے ٹی ایمز کے ساتھ نمایاں طور پر چسپاں اور پرنٹ میڈیا میں مشتہر کیے جائیں۔نیز کمرشل بینکوں کے کال سینٹرز صارفین کی تمام شکایات کو فی الفور نمٹانے کے لیے چوبیس گھنٹے دستیاب رہیں گے۔ بالعموم عوام اور بالخصوص کاروباری طبقے کی ضروریات کا ادراک کرتے ہوئے اسٹیٹ بینک نے تمام کمرشل بینکوں کو 2اور 9جولائی کو دفاتر کھلے رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ 2اور 9جولائی 2016 کو کمرشل بینک صرف معمول کی کلیئرنگ کے لیے اپنے صارفین سے مالی دستاویزات وصول کریں گے اور نیشنل انسٹی ٹیوشنل فنانشل ٹیکنالوجیز (نفٹ)کو ہدایت کی گئی ہے کہ یہ دستاویزات کمرشل بینکوںکی برانچوں سے وصول کرے۔ نفٹ کو ہدایت کی گئی ہے کہ 30جون اور 2جولائی کو وصول کردہ دستاویزات کو 4جولائی 2016 کے معمول کے کلیئرنگ سائیکل میں پروسیس کرے۔ جب دستاویزات کلیئر ہوجائیں تو بینکوں کو 4جولائی 2016 کو اپنے صارفین کے کھاتوں میںکریڈٹ کرنا ہوگا جبکہ 4جولائی اور 9جولائی 2016کو وصول کردہ مالی دستاویزات نفٹ 11جولائی 2016 کے معمول کے کلیئرنگ سائیکل میں پروسیس کرے گا۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment