جمعرات, 02 مئی 2024


جامعہ کراچی میں تین روزہ عالمی کانفرنس کی افتتاحی تقریب


ایمزٹی وی(تعلیم/کراچی) جامعہ کراچی کے شعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن اور امریکہ کی جارج میسن یونیورسٹی کے اشتراک سے بڑے شہروں کا انتظا م و انصرام کے موضوع پر تین روزہ بین الاقوامی کانفرنس سے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العبا د خان نے کہا ہے کہ جامعات کے مابین قریبی تعاون سے نہ صرف تعلیمی معیار بہتر ہوگا بلکہ سماجی شعبہ میں بھی نمایاں ترقی ہوگی ۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی پارٹنر شپ پروگرام کے تحت مکمل کئے جا نے والے پروجیکٹس متعلقہ حکومتوں اور ریاستوں کے لئے بہت زیادہ فائدہ مند ثابت ہو تے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم اور تحقیق کے شعبوں سے منسلک افراد کی کاوشوں سے کوئی بھی ملک سماجی اور سیاسی استحکام حاصل کر سکتا ہے جس سے اس کی آئندہ آنے والی نسلوں کو فائدہ حا صل ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں نت نئی دریافتیں اعلیٰ تعلیم اور تحقیق کے ذریعہ ہی ممکن ہیں یہی وجہ ہے کہ اعلیٰ تعلیم ادارے اور جامعات ،ریاستوں اور حکومتوں کے استحکام میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ جامعہ کراچی اور جارج میسن یونیورسٹی ورجینیا امریکہ کے مابین 3 سالہ یونیورسٹی پارٹنر شپ پروگرام کے ضمن میں جارج میسن یونیورسٹی کے پروفیسرز کے کردار کو سراہا اور کہا کہ انہوں نے تین سال کے عرصہ کے دوران جامعہ کراچی کے ریسرچ اسکالر ز کو ہر ممکن مدد اور تعاون فراہم کیا ۔

انہوں نے کہا کہ کراچی دنیا کے بڑے شہروں میں سے ایک ہے جہاں فراہمی و نکاسی آب ، صحت ،تعلیم ، ٹرانسپورٹ جیسے مسائل موجود ہیں ان مسائل کے جامع اور مستقل حل کے لئے جدید ترین تحقیق کے ساتھ آگے بڑھنے کی ضرورت ہے تاکہ مستقبل کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے دیر پا اور دور رس نتائج کی حامل پالیسیاں تشکیل دی جاسکیں

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جارج میسن یونیورسٹی کے پروفیسر جیمس سی وٹی نے کہا کہ یونیورسٹی پارٹنر شپ پروگرام کے ذریعہ مختلف شعبوں میں تحقیقی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہو گا جبکہ اس پروگرام کے تحت پاکستان اور امریکہ کی 45 جامعات کے مابین تعاون جاری ہے ۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment