اتوار, 28 اپریل 2024


اسٹوڈنٹس ایگزیکٹو کونسل ڈی پی اے کی تقریب حلف برداری

 

ایمز ٹی وی ( تعلیم /کراچی ) جامعہ کراچی کے شعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن کے چیئر مین پروفیسر ڈاکٹر سید شبیب الحسن نے کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی میں اس کے طلبہ کا کردار ناگزیر حیثیت کا حامل ہوتاہے اور یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ پاکستان کی آبادی کا 50 فیصد سے زائد نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ طلبہ کو تعلیمی اداروں میں قیادت کے مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے کیونکہ یہ ہی نوجوان مستقبل میں اعلیٰ عہدوں پر فائز ہوں گے ۔ شعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن جامعہ کراچی نے ہمیشہ طلبہ میں قائدانہ صلاحیتوں کے فروغ کے لئے اہم کردار اداکیا ہے،شعبہ کی اسٹوڈنٹس ایگزیکٹو کونسل کے قیام کا مقصد طلبہ میں قائدانہ ،ٹیم ورک اور کرائسز مینجمنٹ جیسی صلاحیتوں کو نکھارناہے۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے شعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن کی ویب سائٹ کے افتتاح اور اسٹوڈنٹس ایگزیکٹو کونسل ڈی پی اے کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کونسل کے منتخب عہدیداران سے ان کے عہدے کا حلف بھی لیا۔ تقریب کے اختتام پر صدر اسٹوڈنٹس ایگزیکٹو کونسل حنا آغانے کلمات تشکراداکرتے ہوئے کہا کہ شعبہ کی جانب سے اس طرح کی سرگرمیوں سے طلبہ کی قائدانہ صلاحیتیں ابھر کر سامنے آتی ہیں اور مجھے امید ہے کہ یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔اس موقع پر کونسل کے جنرل سیکریٹری زبیرخانزادہ،عزیرخالد ،اور ممبران سید زین حیدر،سکینہ رضا،ارحمہ خان،تشفہ خان، علی سجاد اور رمشاشاہد بھی موجودتھے۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment