جمعہ, 03 مئی 2024


این ای ڈی یونیورسٹی میں اسپورٹس گالا کا میدان سج گیا

 

ایمزٹی وی(تعلیم/ کراچی)جامعہ این ای ڈی اور ڈیپارٹمنٹ آف اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرزکے اشتراک سے سندھ اسپورٹس گالاکاباقاعدہ آغازہوگیا۔ پروگرام کا آغاز مہمانِ خصوصی سیکریٹری اسپورٹس ڈاکٹر نیاز علی عباسی نے مشعل روشن کرکے کیا۔ اطلاعات کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر سے4 2 جامعات، سندھ اسپورٹس گالا میں حصّہ لے رہی ہیں۔
اس پانچ روزہ سندھ اسپورٹس گالا میں 10 ایونٹس کروائے جائیں گے جن میں سے طالبات کے لیے چار جب کہ طلبا کے لیے چھے مقابلے ہوں گے۔ سیکریٹری اسپورٹس ڈاکٹر نیاز علی عباسی نے این ای ڈی کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبے بھر کی جامعات کو چاہیے کہ وہ جسمانی کھیلوں کو فروغ دیں۔
ان کا کہنا تھاکہ آج کے نوجوان کو کھیلوں کی جانب راغب کرنا انتہائی ضروری ہے جب کہ فٹ بال، والی بال، ہاکی، کرکٹ، باسکٹ بال، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس اور اتھلیٹکس وغیرہ یہ ایسے کھیل ہیں جن کا باقاعدہ انعقاد مثبت نتائج کا ضامن ہے۔ اس لیے ہمیں آج کھیلوں کو رواج دے کر اپنے میدان آباد کرنا ضروری ہیں تا کہ اپنے نوجوانوں کے ذریعے معاشرے کو صحت مند بنایا جاسکے۔
جامعات کی سطح پر جسمانی کھیلوں کی اہمیت کے حوالے سے پیغام دیتے ہوئے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی کا کہنا تھاکہ آج کا نوجوان کھیلوں جیسی سرگرمی سے دُور ہوکر سائبر کرائم سے نزدیک ہورہا ہے، ایسے میں جامعات کو چاہیے کہ جسمانی کھیلوں کے مواقع فراہم کریں تاکہ اس تعمیری سرگرمی کی بدولت معاشرے کی بہتری آسکے۔
ڈیپارٹمنٹ آف اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز کا شکریہ ادا وائس چانسلر این ای ڈی کا کہنا تھا کہ ہماری جامعہ کی ہمیشہ سے کوشش رہی ہے کہ ہم طلبا اور طالبات میں کھیلوں کے رجحان کو فروغ دیں۔ یاد رہے کہ گیمز کے اختتام پر تقسیمِ انعامات کی تقریب 30 اکتوبر کو این ای ڈی یونی ورسٹی کے مرکزی آڈیٹوریم میںسہ پہر تین بجے منعقدکی جائے گی، جس میں جیتنے والے طلبا اور طالبات میں انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment