ھفتہ, 27 اپریل 2024


وفاقی وزیر تعلیم کا جامعہ اردو کا دورہ

ایمزٹی وی(تعلیم)وفاقی نگراں وزیر تعلیم محمد یوسف شیخ نے وفاقی جامعہ اردو کے دورے کے موقع پر شیخ الجامعہ ڈاکٹر ایس الطاف حسین سے ہونے والی ملاقات کے دوران کہا کہ اردو زبان کی ترویج کے لئے حکومت، اداروں اور ذرائع ابلاغ کو مل کر کوشش کرنا ہوگی۔وائس چانسلر ڈاکٹر ایس الطاف حسین نے کہا کہ جامعہ اردو کے تینوں کیمپسز میں اس وقت تقریبا17ہزار طلباء وطالبات زیرتعلیم ہیں۔ یہ بابائے اردو مولوی عبدالحق کا دیرینہ خواب تھا جو پہلے کالج اور پھر جامعہ کی صورت میں شرمند ہ تعبیر ہوا۔ان کے خواب کی مکمل تعبیر اسی وقت ممکن ہے جب یہاں بڑا دارالتراجم ہو جہاں دنیا بھر کی سوشل سائنسز اور سائنس کی کتابوں کے آسان اردو زبان میں تراجم کئے جائیں۔یہ کراچی کی دوسری بڑی سرکاری جامعہ ہے یہاں سائنس، آرٹس، فارمیسی اور بزنس ایڈمنسٹریشن کی تعلیم دی جاتی ہے۔

اس کی اہم خوبی یہ ہے کہ یہاں سماجی علوم میں تحقیقی مقالات کی تحریر کے لئے اردو زبان کا بھی انتخاب کیا جاسکتا ہے۔ہماری کوشش ہے کہ جامعہ کی ترقی و سربلندی کے لئے مل کر کام کریں ،اس کے لئے مختلف ترقیاتی پروجیکٹس پر کام شروع کیا جاچکا ہے جبکہ چھوٹے پروجیکٹس کی فوری منظوری دے دی جاتی ہے اس میں شعبہ جات کو کمپیوٹرز،سائنسی آلات و کیمیکلز کی فراہمی وغیرہ شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی سے بچاؤ کے لئے جامعہ میں گذشتہ آٹھ ماہ سے شجرکاری مہم بھی شروع کی گئی ہے جسمین اساتذہ، غیر تدریسی ملازمین اور طلباء بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ ملاقات کے دوران رجسٹرار افضال احمد، رئیس کلیہ فنون پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الدین، ٹریژرار احسان دانش بھی موجود تھے۔ ملاقات کے بعد نگران وفاقی وزیر تعلیم محمد یوسف شیخ نے جامعہ کے ایڈمن بلاک کے باہر احاطے میں شجر کاری مہم میں پودا لگا کر حصہ لیا اور جامعہ کی ترقی کے لئے دعا کی اس کے بعد انہوں نے شیخ الجامعہ ڈاکٹر ایس الطاف حسین کی ہمراہی میں جامعہ کے مختلف شعبہ جات کا دورہ بھی کیا۔

 
 
 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment