جمعہ, 26 اپریل 2024


میٹرک انٹر امتحانات کے لیے ملک میں دو اہم اجلاس طلب

سندھ اور پاکستان بھر میں میٹرک اور انٹر کے امتحانات کے حوالے سے دو اہم اجلاس آج، پیر 27 اپریل کو طلب کرلیے گئے ہیں، پہلا اجلاس سندھ کے تعلیمی بورڈز کے سربراہوں کمیٹی آف چیرمین سندھ کا ہوگا جس کی صدارت کمیٹی کے سربراہ اور میٹرک بورڈ کراچی کے چیرمین ڈاکٹر سعید الدین کریں گے۔

 دوسرا اجلاس ملک بھر کےتعلیمی بورڈ کے سربراہوں کا ہوگا جس کی صدارت انٹر بورڈ کمیٹی آف چیرمین ( آئی بی سی سی ) پاکستان کریں گے، اجلاس میں سندھ کے تمام تعلیمی بورڈز انٹر اور میٹرک کے امتحانات کے حوالے سے طریقہ کار (ایس او پی) طے کیے جائیں گے۔

میٹرک بورڈ کراچی کے چیرمین ڈاکٹر سعید الدین نے کہا کہ صوبائی اسٹیرننگ کمیٹی کے فیصلے کی روشنی میں میٹرک کے امتحانات 15جون سے ہونے ہیں جس کے بعد انٹر کے امتحانات ہونے ہیں اور تعلیم چونکہ صوبائی معاملہ ہے کورونا کے باعث امتحانات کی تاریخ آگے لے جانا یا کیمبرج یا انٹر نیشنل بیکولوریٹ کی طرح نہ لینے کا فیصلہ بھی صوبائی اسٹریننگ کمیٹی ہی کرے گی جس کی صدارت صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ سے 15 لاکھ سے زائد طلبہ انٹر اور میٹرک کے امتحانات دیں گے جب کہ پاکستان بھر میں ان کی تعداد 50 لاکھ کے قریب ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دونوں اجلاس آن لائن ہوں گے پہلا اجلاس انٹر بورڈ کمیٹی آف چیرمین پاکستان کا صبح 11 بجے جس کے بعد سندھ بھر کے تعلیمی بورڈز کے سربراہوں کا اجلاس ہوگا جس میں سندھ سے باہر کے کچھ بورڈ چاہتے کہ کورونا کے پیش نظر امتحانات ہی نہ لیے جائیں جب کہ سندھ کے بورڈز چاہتے ہیں کہ امتحانات ہوں چاہے پرچوں کا دورانیہ تین گھنٹے سے کم ہو اور معروضی ہو ۔

 انہوں نے کہا کہ ہماری سفارشات صوبائی حکومت کو بھیجی جائیں گی اور اسٹریننگ کمیٹی حتمی فیصلہ کرنے کی مجاز ہوگی۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment