ھفتہ, 04 مئی 2024


محکمہ تعلیم سندھ کی صورتحال مزید پستی کی جانب!

ایمز ٹی وی (تعلیم) سندھ پروفیسرز اینڈ لیکچرارز ایسو سی ایشن کے مرکزی صدر پروفیسر علی مرتضیٰ، سیکریٹری جنرل پروفیسرشیر خان سیلرو،مرکزی سینئر نائب صدر پروفیسرکریم اے ناریجو، کراچی کے جنرل سیکریٹری پروفیسر عامرالحق و دیگر نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ محکمہ تعلیم حکومتِ سندھ کاکوئی پرسانِ حال نہیں ہے ۔ روز بروز صورتحال بد سے بدتر ہوتی جارہی ہے،ڈپارٹمنٹ کو ایڈہاک ازم کے طور پر چلایا جارہا ہے۔ انہوں مزید کہا کہ حد تو یہ ہے کہ کالج کے چاروں سیکشن میں ایک بھی ایس او موجود نہیں نہ ڈپٹی سیکریٹری ہے، نہ ایڈیشنل سیکریٹری اور نہ ہی اسپیشل سیکریٹری تعینات ہے۔ کوئی بھی نیک نامی کا حامل افسر محکمہ تعلیم میں آنے کو تیار نہیں، افسوس کا مقام ہے کہ کلرکوں سے ایس اوز کا کام لیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی سیشن ختم ہونے کو ہے مگر کمیشن پاس لیکچرارز کی تا حال پوسٹنگ مکمل نہیں ہو سکی،اسی طرح گزشتہ سال 62کالج اساتذہ کو گریڈ 19سے 20میں ترقیاں دیں گئیں مگر اب تک نہ ہی نو ٹیفکیشن کا اجراء ہوا اور نہ ہی پوسٹنگ کی گئی ہے۔ سپلا کے رہنماؤں نے وزیرِ اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، سینئر وزیرِ تعلیم نثار احمد کھوڑوسے مطالبہ کیا کہ وہ ہنگامی بنیادوں پر ٹھوس اور عملی اقدامات کریں۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment