پیر, 06 مئی 2024


گورڈن کالج کی تاریخ کو محفوظ رکھنا وقت کی ضرورت ہے، ڈاکٹر شاہد صدیقی

ایمزٹی وی(ایجوکیشن) گورڈن کالج راولپنڈی میں تقسیم انعامات و اسناد کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔اس تقریب کے مہمان خصوصی علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ راولپنڈی کی شناخت کا درجہ رکھنے والے گورڈن کالج کی تاریخ کو محفوظ کرنا وقت کی ضرورت ہے ، اس تاریخی کالج کی وجہ شہرت یہ رہی ہے کہ یہاں محض تعلیم نہیں دی جاتی تھی بلکہ قوم کے نونہالوں کو مختلف شعبہ زندگی میں ایسی تربیت فراہم کی جاتی تھی کہ ان میں قائدانہ صلاحیتیں پروان چڑھتی تھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گورڈن کالج کے بغیرراولپنڈی کی ہی نہیں بلکہ پاکستان کی تاریخ بھی نامکمل ہے ۔گورڈن کالج کے پرنسپل حافظ پروفیسر ڈاکٹر محمد علی بھٹی نے کہا کہ ملک کا یہ واحد کالج ہے جس سے فارغ التحصیل شخصیات میں سے اس وقت ملک کی پانچ اہم جامعات کے وائس چانسلر ہیں جن میں ڈاکٹر شاہد صدیقی بھی شامل ہیں جو آج یہاں بطور مہمان خصوصی بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان اور اعلیٰ محکموں ہی میں نہیں دنیا بھر کے بیشتر ممالک میں گورڈن کالج سے فارغ التحصیل طلبہ قائدانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ تقریب میں گورڈن کالج کی سو سال سے زیادہ طویل تاریخ پر مشتمل دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔ مختلف امتحانات میں اول، دوم اور سوم آنیوالے طلبہ کو نقد انعامات اور تعریفی اسناد دی گئیں۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment