Friday, 20 September 2024


ایک ایسا تھیلا جو صرف 3 منٹ میں کپڑے دھوتا ہے

ایمزٹی وی(ٹیکنالوجی)اگر آپ سفر میں رہتے ہیں تو ہر جگہ کپڑے دھونے والی مشین نہیں لے جاسکتے اسی لیے اس مسئلے کے حل کے طور پر ایک تھیلا بنایا گیا ہے جو صرف 3 منٹ میں کپڑے دھوتا ہے۔ اس تھیلے نما واشنگ مشین کو ’’اسکربا‘‘ کا نام دیا گیا ہے جس کا وزن ایک پاؤ سے کچھ زیادہ ہے اور یہ دنیا بھر میں استعمال ہورہا ہے جسے بنانے والی کمپنی کا دعویٰ ہے کہ اس سے کپڑوں کو ہاتھ سے دھونے کے مقابلے میں دگنا اچھی طرح صاف کیا جاسکتا ہے اور اس کا معیار واشنگ مشین جیسا ہے۔

کمپنی کے مطابق یہ بدبودار کپڑوں سے بھرے سوٹ کیس اٹھائے پھرنے کا واحد حل ہے، اس واٹر پروف تھیلے میں ایک شفاف پٹی لگی ہے جس کے ذریعے کپڑے دھونے کا عمل اور صابن کی مقدار دیکھی جاسکتی ہے، اس کے بعد میلے کپڑے شامل کرکے 3 سے 4 منٹ تک تھیلے کو ہاتھوں سے ہلائیں اور دبائیں۔

اس ایجاد کی جان ان چھوٹے ابھاروں میں ہے جو ایک واشنگ بورڈ کا کام کرتے ہیں۔ اسکربا کو باہر سے رگڑنے پر ابھار کپڑے کو گھِس کر میل اتارتے ہیں۔ کمپنی کا دعویٰ ہے کہ صرف 30 سیکنڈ میں کپڑوں سے میل اتر جاتا ہے لیکن 3 منٹ تک دھونے سے کپڑے بالکل صاف ہوجاتے ہیں۔

اسکربا بیگ کپڑوں کو خشک کرنے اور کھنگالنے کا کام بھی کرتا ہے۔ اس کے لیے صابن کا پانی باہر نکالیں اور صاف پانی بھر کر کپڑے کھنگالیں۔ یہ بیگ پانی اور بجلی کے ساتھ وقت کی بچت کرتا ہے اور اس کی قیمت 50 ڈالر یا پاکستانی 5000 روپے ہے۔

Share this article

Leave a comment