Friday, 20 September 2024


وائٹ ہاؤس کے باہر پاک فوج اور رینجرز کی حمایت میں مظاہرہ

ایمزٹی وی (انٹرنیشنل) امریکا میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے پاک فوج کے حق اور رینجرز کی حمایت میں مظاہرہ کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق امریکا میں مقیم پاکستانیوں نےپاک فوج کے حق میں مظاہرہ کیا اور کراچی میں جاری رینجرز آپریشن کی حمایت کرتے ہوئے اسے جاری رکھنے کا مطالبہ کیا، مظاہرین نے پاک فوج کے حق میں نعرے لگائے اور مطالبہ کیا کہ ’’آپریشن ضرب عضب شروع ہونے کے بعد سے پاکستان میں امن و امان کی صورتحال میں بہت بہتری آئی ہے۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ کراچی آپریشن شروع ہونے کے بعد سے کراچی میں ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری میں واضح کمی دیکھنے میں آئی ہے، اسے ہر صورت جاری رہنا چاہیے، مظاہرین نے آپریشن ضرب عضب اور کراچی آپریشن کے دوران قربانی دینے والے اہلکاروں کو خراج تحسین بھی پیش کیا اور مطالبہ کیا کہ جرائم پیشہ افراد کو پناہ دینے والی سیاسی جماعتوں کے خلاف ہر صورت کارروائی جاری رہنا چاہیے تاکہ پاکستان میں حقیقی امن آسکے۔ یاد رہے کراچی میں رینجرز کو دیے گیے خصوصی اختیارات کی مدت 18 جولائی کو ختم ہوگئی ہے، لاڑکانہ میں رینجرز کی  کارروائی کے بعد سندھ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان صورت حال سنگین ہوگئی ہے، رینجرز نے لاڑکانہ میں کارروائی کرتے ہوئے سندھ کی اہم سیاسی شخصیات کے فرنٹ مین اسد کھرل کو گرفتار کیا تھا جس کے بعد وزیرداخلہ سندھ اور اُن کے بھائی نے اپنے کارکنان کے ہمراہ ملزم کو دخل اندازی کرتے ہوئے فرار کروایا تھا۔

Share this article

Leave a comment