Sunday, 22 September 2024


آپ کی صحت کا خیال رکھنے والی اسمارٹ ’’بیلٹ‘‘ تیار

ایمزٹی وی(ٹیکنالوجی) سام سنگ کمپنی نے سینسر سے لیس ایک بیلٹ بنانے کا اعلان کیا ہے جو نہ صرف کمر کی چوڑائی بلکہ آپ کی ورزش اور کھانے کی عادات کو نوٹ کرسکے گی۔

اسے بیلٹ کی بجائے ویلنیس بیلٹ یعنی ’’ویلٹ‘‘ کا نام دیا گیا ہے جو آپ کے کھانے پینے کی عادات، پیٹ بڑھنے کے عمل اور اٹھائے جانے والے قدموں کو بھی گنتی ہے۔ آئندہ سال جنوری میں اسے کنزیومر الیکٹرانکس شو ( سی ای ایس) میں پیش کیا جائے گا۔ اسے سام سنگ کی ’’سی لیب‘‘ کے ماہرین نے تیار کیا ہے۔

آپ کی فٹنس کا خیال رکھنے والی بیلٹ باآسانی پہنی جاسکتی ہے۔ اس میں ایک پیڈو میٹر ( قدم پیما) بھی ہے جو آپ کے چلے جانے والے قدموں کو نوٹ کرتا ہے اور یہ بھی بتاتا ہے کہ آج آپ کتنی دیر تک بیٹھے رہے۔ اس کے علاوہ ویلٹ کمر کی چوڑائی میں معمولی کمی بیشی سے بھی آگاہ کرتی ہے کیونکہ کمر بڑھنے سے صحت کے طرح طرح کے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ ویلٹ کے بکل میں لگا مقناطیسی ویسٹ سینسر 28 سے 44 انچ کمر والے حضرات کے لیے مناسب ہے اور یہ معمولی کمی بیشی بھی نوٹ کرتا ہے۔

ویلٹ میں آپ کے جسم کا تمام ڈیٹا ایک بہت سادہ انداز میں ظاہر ہوتا ہے ۔ اس کی بیٹری 20 روز تک چل سکتی ہے اور اسے باآسانی چارج کیا جاسکتا ہے۔ سام سنگ ویلٹ کے 4 ڈیزائن متعارف کرارہی ہے جو مرد و خواتین دونوں کے لیے ہیں جب کہ جنوری 2017 میں یہ فروخت کے لیے پیش کردی جائے گی۔

Share this article

Leave a comment