Sunday, 22 September 2024


پی آئی اے نے آٹھ جدید طیارے خریدنے کا فیصلہ کرلیا

ایمز ٹی وی (تجارت) پاکستان کی فضائی کمپنی نے بوئنگ کمپنی سے 787-300 کے آٹھ جدید طیارے خریدنے کا فیصلہ کرلیا ، طیارے 2017ء کے جون کے وسط میں پی آئی اے کے بیٹرے میں شامل ہونا شروع ہوجائیں گے ۔

چیئرمین پی آئی اے اعظم سہگل نے گفتگو میں بتایا کہ بوئنگ کمپنی سے 787 طیارے آسان اقساط پر حاصل کریں گے جو کہ اسٹیٹ آف آرٹ طیارے ہیں یہ طیارے کم فیول استعمال کرتے ہیں اور چارسو مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔

ا عظم سہگل نے بتایا کہ طیارے 2017 کے جون کے وسط میں مرحلہ وار ملنا شروع ہوجائیں گے جس سے پی آئی اے کے بیڑے میں طیاروں کی تعداد میں اضافہ ہوجائے گا، پی آئی اے اکتوبر سے کراچی سے لندن کے لیے پریمیئر شروع کررہی ہے، اکتوبر اوردسمبر میں ایئربس 330 کے دو طیارے پی آئی اے کو مل جائیں گے جس کے بعد پی آئی اے اپنے مزید سیکٹروں میں اضافہ کرے گی جن میں بنکاک، جرمنی، اور بارسلونا شامل ہیں جبکہ دیگر سیکٹرز پر بھی پروازوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔

پی آئی اے کو مزید طیارے حاصل ہونے کے بعد مسافروں کو جدید سفری سہولت کے ساتھ ساتھ پی آئی اے کے آمدنی میں بھی اضافہ ہوگا۔ جس سے پی آئی اے کے خسارے میں قابو پانے میں مدد ملے گی۔

دوسری جانب ایئربس 310 کے پانچ طیارے حج آپریشن مکمل ہونے کے بعد ریٹائرڈ کردیے جائیں گے ۔ پی آئی اے اپنے پرانے طیاروں کو ریٹائرڈ کرکے مرحلہ وار جدید طیارے شامل کرے گی۔

Share this article

Leave a comment