Sunday, 22 September 2024


معمر قذافی کا طیارہ فرانس سے حاصل کرنے کی کوششیں ترک کرنے کا اعلان


ایمز ٹی وی (تجارت) کویت کے ایک تجارتی گروپ نے لیبیا کے سابق حکمران معمر قذافی کا طیارہ فرانس سے حاصل کرنے کےلئے جاری کوششیں ترک کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ سپر لگژری طیارہ سن دو ہزار بارہ سے فرانس میں کھڑا ہے۔ تفصیلات کے مطابق الحرافی گروپ اس سپر لگژری ایئر بس طیارے کو لیبیا کے ساحلی علاقے میں سیاحتی مرکز کے طور پر استعمال کرنا چاہتی تھی۔

معمر قذافی کے زیراستعمال چار انجنوں والے اس طیارے میں پرتعیش سہولیات موجود ہیں جس میں ایک ڈبل بیڈ، قیمتی چمڑے سے تیارکردہ صوفے‘ پرائیویٹ سینما اور ان کی خواتین گارڈز اور دیگر عملے کے بیٹھنے کے لیے ایک فرسٹ کلاس نشست گاہ موجود ہے۔ سن دو ہزار بارہ میں معمر قذافی کے مارے جانے کے بعد طیارے کو فرانس کے شہر پرپگ نم پہنچادیا گیا تھا۔

گروپ نے طیارے کے حصول کے لیے فرانسیسی عدالت میں درخواست دائر کی ہوئی تھی۔ گروپ نے اب اس قانونی جنگ کو ختم کرتے ہوئے عدالت سے درخواست واپس لے لی ہے۔ گروپ کا کہنا ہے کہ اب اس کی توجہ لیبیا کے دیگر ضبط شدہ اثاثوں کی حصول کی جانب ہو گی۔

الخرافی گروپ نے لیبیا کی حکومت سے سن دو ہزار چھ میں ایک سیاحتی مقام کے قیام کا معاہدہ کیا لیکن دو ہزار دس میں لیبیا کی حکومت کی جانب سے معاہدہ منسوخ کردیا گیا۔ دو ہزار تیرہ میں قاہرہ کی عدالت نے معاہدہ توڑنے پر لیبیا کی حکومت کو کویتی کمپنی کو نو سو سینتیس ملین ڈالر ادا کرنے کا حکم دیا تھا جس کے بعد کمپنی نے فرانسیسی عدالت میں طیارے کے حصول کی درخواست دائر کی تھی۔

Share this article

Leave a comment