Sunday, 22 September 2024


کپل شرما کومودی کے خلاف بیان مہنگا پڑگیا

ایمزٹی وی (انٹرٹینمنٹ) معروف بھارتی کامیڈین کپل شرما کوبھارتی وزیراعظم نریندرمودی کے خلاف بیان دینے پر وضاحتیں دینا پڑ گئیں۔

تفصیلات کے مطابق 2 روزقبل کپل شرما نے اپنی ٹوئٹ میں کہا تھا کہ وہ گزشتہ 5 برسوں سے ہرسال 15 کروڑ روپے ٹیکس دیتے ہیں لیکن اس کے باوجود انہیں اپنے دفترکی تعمیر کے لیے ممبئی میونسپل کارپوریشن کے حکام کو 5 لاکھ روپے رشوت دینی ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر معروف کامیڈین نے اپنی ٹوئٹ میں نریندرمودی کوکہا تھا کہ کیا یہ ہیں وہ اچھے دن جن کی بات کرکے وہ اقتدار میں آئے تھے۔

کپل شرما کے ٹوئٹرپر62 لاکھ سے زائد فالوورز ہیں،رشوت طلب کیے جانے پرکپل شرما نے ٹوئٹ توکردی لیکن اس کے ساتھ ہی سوشل میڈیا پرایک نئی جنگ چھڑگئی،کوئی انہیں نریندر مودی کو آئینہ دکھانے پرتنقید کا نشانہ بنارہا تھا تو کوئی انہیں خراج تحسین پیش کر رہا ہے صورت حال یہاں تک آ پہنچی کہ خود کپل شرما کووضاحت دینا پڑگئی کہ ان کا تعلق کسی بھی سیاسی جماعت سے نہیں،وہ بھارتی وزیراعظم کا احترام کرتے ہیں۔

اپنی وضاحتی ٹوئٹ میں کپل شرما نے کہا کہ ٹوئٹ میں انہوں نے صرف اپنے تحفظات کا اظہارکیا تھا،جس نے غیر ضروری مسئلے کی شکل اختیارکرلی،وہ انٹرٹینمنٹ کی دنیا سے تعلق رکھتے ہیں اوریہی ان کا اصل میدان ہے،وہ کسی سیاسی جماعت سے تعلق نہیں رکھتے۔

واضح رہے کہ دوروز قبل معروف بھارتی کامیڈین اور بالی ووڈ اداکار کپل شرما نے بھارتیہ جنتا پارٹی اور مودی حکومت کی کارکردگی پر غصے کا اظہار کرتے ہوئے سخت ناراضی کا اظہار کیاتھا۔

Share this article

Leave a comment