Saturday, 21 September 2024


چمڑے کی صنعت کو آئندہ 2 ماہ تک بلا تعطل بجلی فراہم کی جائے

ایمز ٹی وی (تجارت) پاکستان ٹینرز ایسوسی ایشن (پی ٹی اے) نے حکومت سے درخواست کی ہے کہ چمڑے کی صنعت کو آئندہ 2 ماہ تک بلا تعطل بجلی فراہم کی جائے، بجلی اور گیس کی مسلسل فراہمی سے چمڑے اور اس کی مصنوعات کی برآمدات کو 300 تا 350 ملین ڈالر کے نقصانات سے بچایا جا سکتا ہے۔ پی ٹی اے کے سینئر ممبر آغا سیدین نے کہا ہے کہ حالیہ عید قربان پر ٹینری کی صنعت نے 18 ملین کھالیں خریدی ہیں جن میں بکرے کی 8.93 ملین کھالیں، گائے و بیل اور بھینس کی 4 ملین کھالیں، دنبے اور بھیڑ کی 3.2 ملین کھالیں اور اونٹ کی 60 ہزار کھالیں شامل ہیں جن کی پروسیسنگ کے لیے صنعت کو بجلی و گیس کی بلا تعطیل فراہمی ضروری ہے تاکہ کھالوں کی پروسیسنگ کا عمل بروقت مکمل کیا جا سکے۔

 

انہوں نے کہا کہ بجلی و گیس کی فراہمی میں تعطل سے چمڑے اور اس کی مصنوعات کی ملکی برآمدات کی مد میں 300 تا 350ملین ڈالر کے نقصان کا خدشہ ہے۔ پی ٹی اے کے عہدیداروں کے مطابق نامناسب دیکھ بھال اور درجہ حرارت میں اضافہ کی وجہ سے رواں سال تقریباً25 فیصد کھالیں ضائع ہوئی ہیںجس کی وجہ سے قومی معیشت کو 2ارب روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑا ہے جبکہ ٹینری صنعت کی جانب سے خریدی گئی کھالوں کی مالیت کا تخمینہ تقریباً8.6ارب روپے لگایا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کھالوں کی قیمتیں کم ہونے کی وجہ چمڑے اور اس کی مصنوعات کی برآمد میں26 فیصد کمی ہے۔

Share this article

Leave a comment