Sunday, 22 September 2024


مسئلہ کشمیر پر او آئی سی متحد


ایمزٹی وی(نیو یارک) او آئی سی کشمیر رابطہ گروپ نے کشمیریوں سے یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جبر اور مظالم کے فوری خاتمہ کا مطالبہ کیا ہے۔
او آئی سی کشمیر رابطہ گروپ کا اجلاس سیکرٹری جنرل ایاز امین مدنی کی زیر صدارت نیویارک میں ہوا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس میں سیکرٹری جنرل او آئی سی ایاز امین مدنی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جبر اور مظالم کے فوری خاتمہ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت مسئلہ کشمیر کا پر امن حل یقینی بنائے،بھارتی فوج کشمیریوں کو پیلٹ گنز سے اندھا تو کر رہی ہے مگر حقوق سے دستبردار نہیں کروا سکتی۔

اجلاس میں آذر بائیجان اور ترکی نے مظلوم کشمیریوں کے خلاف انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر اظہار تشویش کیا جب کہ اس موقع پر ترک وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر پاک بھارت تعلقات میں اہم رکاوٹ ہے جب کہ جنوبی ایشیا میں امن اور خوشحالی کےلیے تنازعہ کشمیر کا پر امن حل ناگزیر ہے۔ آذر بائیجان کے وزیر خارجہ نے کہا کہ او آئی سی جموں کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کی مدد کےلیے ٹھوس لائحہ عمل اپنائے جب کہ آذر بائیجان اقوام متحدہ کے انسانی حقوق ہائی کمیشن کی مقبوضہ کشمیر کے دورے کی حمایت کرے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر مسعود خان نے او آئی سی سیکرٹری جنرل کو ایک یادداشت پیش کی جب کہ اجلاس کی سفارشات اوآئی سی وزرائے خارجہ کونسل کو پیش کی جائیں گی۔

اجلاس میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور صدر آزاد کشمیر مسعود خان سمیت ترکی اور آذربائیجان کے وزرائے خارجہ نے شرکت کی جب کہ اجلاس میں نائیجر اور سعودی عرب کے نمائندے بھی شریک ہوئے

Share this article

Leave a comment