Tuesday, 12 November 2024


مقبوضہ کشمیر کے عوام کو جدوجہد پرخراج تحسین پیش کرتا ہوں، عمران خان


ایمز ٹی وی(ٹیکسلا) چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ نوازشریف کا احتساب ہو کررہے گا اور میں لوگوں کو بھولنے نہیں دوں گا جب کہ رائیونڈ مارچ کے دوران اگر کچھ ہوا تو نقصان حکومت کو ہوگا۔

ٹیکسلا میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو جدوجہد پرخراج تحسین پیش کرتا ہوں، وہ آزادی کے لیے بھارت کی فوج کے سامنے لڑے اور سیسہ پلائی دیوار بنے رہے، دعا ہے کہ جلد ہی وہ دن آئے جب وہ اپنی تقدیر کا فیصلہ کر پائیں۔ انہوں نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ فوج کے زور پر قوموں کوغلام نہیں بنایا جا سکتا، فوج کا استعمال کرنے سے نفرت میں اضافہ ہو رہا ہے جب کہ ہمارے درمیان جتنے بھی اختلافات ہوں لیکن مسئلہ کشمیر، بیرونی مسائل اور دشمنوں کے خلاف پوری قوم متحد اور فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔

عمران خان نے پاناما لیکس کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جب کوئی وزیرچوری کرتا ہے تواس کے سیکریٹری بھی چوری کرتے ہیں، ملک میں کسانوں کی بھلائی کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے جارہے اور کرپشن کی وجہ سے ملک میں سرمایہ کاری نہیں ہورہی۔ انہوں نے کہا کہ میاں صاحب آپ کا احتساب ہو کررہے گا اور میں لوگوں کو بھولنے نہیں دوں گا جب کہ رائیونڈ مارچ کے دوران اگر کچھ ہوا تو نقصان حکومت کو ہوگا اور ہم بھیڑ بکریوں کی طرح مار نہیں کھائیں گے۔


چیرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ قوم وسائل سے مضبوط نہیں ہوتی بلکہ اداروں کی مضبوطی سے ہوتی ہے اور ادارے مضبوط ہوں تو کوئی بھی حکمران کرپشن نہیں کرسکتا، کرپشن کرنے والے حکمران اداروں کو تباہ کردیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آر،نیب اور ایف آئی اے سب ہی تباہ حال ہیں، یہاں تک کے حکمرانوں کے خلاف عدالتوں سے بھی انصاف نہیں ملا، نواز شریف نے نیب کا سربراہ اپنےغلام کولگایا اور وہ نواز شریف کوگرفتار نہیں کرتا جب کہ میاں صاحب عدالتوں کو بھی آزاد ہونے نہیں دیتے

Share this article

Leave a comment