Friday, 20 September 2024


روسی فوجی اہلکار پاکستان پہنچ گئے

پاک روس مشترکہ فوجی مشقوں کا آغاز کل سے ہو گا
ایمز ٹی وی (انٹرنیشنل) روس اور پاکستان کے درمیان مشترکہ فوجی مشقوں کے لیے پہلی مرتبہ روسی فوجی اہلکار پاکستان پہنچ گئے ہیں۔ فوجی مشقیں چوبیس ستمبر سے شروع ہوں گی۔روس کی وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 70 فوجی جنگی مشقوں میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچ گئے ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے،’’ہفتے کے روز سے شروع ہونے والی عسکری مشقیں دونوں ممالک کے مابین دفاعی تعاون کو بڑھانے اور اسے مزید مستحکم کرنے میں مددگار ثابت ہوں گی۔‘‘
ان روسی فوجیوں کی آمد کی توثیق کرتے ہوئے پاکستانی فوج کے شعبہٴ تعلقات عامہ کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل عاصم باجوہ نے ٹوئٹ کیا ہے۔ انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا،’’ روسی بری فوج کے 70 فوجی پہلی بارمشترکہ طور پر کرائی جانے والی جنگی مشقوں میں حصہ لینے کے کیے پاکستان پہنچ گئے ہیں۔‘‘ یہ مشقیں 24 ستمبر سے 10 اکتوبر تک جاری رہیں گی۔یہ جنگی مشقیں ایک ایسے وقت میں شروع ہونے والی ہیں جب پاکستان اور بھارت کے درمیان سرحدی کشیدگی میں خاصا اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ بھارت نے الزام عائد کیا ہے کہ 18 ستمبر کو اس کے فوجیوں پر کیے گئے حملے کے مبینہ حملہ آور پاکستان سے سرحد پار کر کے بھارت میں داخل ہوئے تھے۔ پاکستانی حکومت نے ان الزامات کی تردید کر دی ہے۔
نیوز ایجنسی اے پی کے مطابق روس اور بھارت کے مابین بھی جنگی مشقیں جاری ہیں جن کا آغاز جمعرات کے روز سے ہوا تھا۔ ان مشقوں میں دونوں ممالک کے 250 فوجی شریک ہیں۔

Share this article

Leave a comment